عدلیہ مخالف مہم پر رؤف حسن اور شعیب شاہین کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

سپریم کورٹ میں ججز اور عدلیہ مخالف مہم چلانے پر تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن اور شعیب شاہین کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی۔
میاں داؤد ایڈووکیٹ کی جانب سے سپریم کورٹ میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف درخواست دائر کردی گئی جس میں رؤف حسن اور شعیب شاہین کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست کے ساتھ سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن اور شعیب شاہین ایڈووکیٹ کے توہین آمیز انٹرویوز کے ٹرانسکرپٹس بھی لگائے گئے ہیں۔
درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ پی ٹی آئی ایک منظم مہم کے تحت عدلیہ کو اسکینڈلائز کررہی ہے، رؤف حسن اور شعیب شاہین مجرمانہ منصوبے کے تحت ججز کے خلاف مہم چلارہے ہیں اور انہوں نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے خلاف نازیبا زبان بھی استعمال کی۔ میاں داؤد ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا ہے کہ رؤف حسن کا چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو ٹاؤٹ کہنا عدلیہ کو اسکینڈلائز کرنا ہے جب کہ اس سے قبل انہوں نے بے بنیاد الزامات لگا کر چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسی کو بھی اسکینڈلائز کیا ہے۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں رؤف حسن اور شعیب شاہین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
