علیمہ خان کے نام جائیداد کی تفصیلات عدالت میں پیش، ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

عدالت نے مسلسل غیرحاضری پر دسویں مرتبہ علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی بہن علیمہ خان کے نام جائیداد کی تفصیلات عدالت میں پیش کر دی گئیں۔ راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمے کی سماعت ہوئی، جہاں علیمہ خان اور ان کے وکلا آج بھی پیش نہیں ہوئے۔
پنجاب ریونیو بورڈ نے علیمہ خان کی جائیداد سے متعلق 38 اضلاع کے ڈی سیز کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی، جبکہ نادرا نے علیمہ خان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق علیمہ خان کے نام ضلع بھکر میں 51 کنال 16 مرلے، ضلع لاہور کے موضع میر میں 1 کنال 4 مرلے، موضع نور پور کمبواں لاہور میں 1 کنال، تحصیل رائے ونڈ کے موضع سلطان میں 64 کنال 14 مرلے، ضلع میانوالی میں 217 کنال 5 مرلے اور موضع بازار شیخوپورہ میں 4 کنال 13 مرلے اراضی ہے، جبکہ پنجاب کے چار اضلاع میں ان کے نام کل 338 کنال اراضی ہے۔
پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے علیمہ خان کی مسلسل غیرحاضری پر ان کی جائیداد سیل کرنے کی استدعا کی اور بتایا کہ عدالتی حکم پر علیمہ خان کے 37 بینک اکاؤنٹس فریز کر دیے گئے ہیں، جس پر عدالت نے ایک نجی بینک کے 15 اور دوسرے بینک کا ایک اکاؤنٹ فریز کرنے کے احکامات جاری کیے۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت 29 نومبر تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف تھانہ صادق آباد میں انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے، جس میں علیمہ خان پر 26 نومبر کے احتجاج میں جلاؤ، گھیراؤ، سرکاری کارروائی میں مداخلت اور کارکنوں کو پرتشدد احتجاج پر اکسانے کا الزام ہے۔
