علی امین گنڈاپور ’ڈرامہ‘ ہے اور پوری پی ٹی آئی اس ’ڈرامے‘ پر لگی تھی : رانا ثناء اللہ

وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور ’ڈرامہ‘ ہے اور پوری پی ٹی آئی اس ’ڈرامے‘ پر لگی تھی کہ وزیر اعلیٰ مسنگ پرسن ہے۔

سینئر رہنما مسلم لیگ ن رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان معاشی بحران سے نکل رہا ہے،یہ چاہتے ہیں بحران سےملک نہ نکلے،یہ چاہتے ہیں ایس سی او کو سبوتاژ کیاجائے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جب انہوں نے دیکھا کہ ڈرامہ ناکام ہورہا ہے تو اسمبلی میں اسپیچ کرائی۔ان کاکہنا تھا کہ پنجاب کے لوگوں کو سمجھ آگئی،یہ ملک دشمن ہیں،فتنہ ہیں، ملک میں افراتفری اور انارکی چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہاکہ تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہواکہ لیڈر روپوش ہوجائے۔انہوں نےکہا کہ علی امین گنڈاپور بتائیں کہ انہوں نےیہ ڈرامہ کیوں رچایا،کمپین شروع کی گئی کہ علی امین کو اغوا کرلیاگیا۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ جھوٹ ان کا وطیرہ ہے، امن و امان تباہ کرنے کا ان کا منصوبہ ناکام ہوا، ملک کی ترقی میں رکاوٹیں ڈالنےوالے ایکسپوژ ہوں گے۔

یاد رہےکہ گزشتہ روز وزیرا علیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور 24 گھنٹے سےزائد وقت تک منظرعام سے غائب رہنے کےبعد اچانک صوبائی اسمبلی میں پہنچ گئے تھے۔

اس سے قبل وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کی متضاد اطلاعات تھیں،وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہناتھا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کو کسی ادارے نے گرفتار نہیں کیا، ان کی کے پی ہاؤس سے بھاگنے کی ویڈیو موجود ہے۔

Back to top button