علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کا تحریری حکمنامہ جاری

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔

یہ تحریری حکم نامہ جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے جاری کیا۔ عدالتی حکم نامے کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل قرمان نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے خلاف دفعہ 87 کے تحت اشتہاری کا نوٹس چسپاں کیا جا چکا تھا اور پولیس نے اس حوالے سے اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی ہے۔

عدالت نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر قرار دیا کہ ملزم روپوش ہو چکا ہے، جس پر علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے ضمانتی مچلکے منسوخ کر دیے گئے اور دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں۔

عدالتی حکم نامے میں ہدایت کی گئی ہے کہ ملزم کو اشتہاریوں کی فہرست میں شامل کیا جائے تاکہ اس کی گرفتاری عمل میں لائی جا سکے، جبکہ ملزم کے ضمانتی کے خلاف بھی قانونی کارروائی شروع کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ بارہ کہو میں مقدمہ درج ہے، جس میں ان پر شراب برآمدگی اور ناجائز اسلحہ رکھنے کی دفعات عائد کی گئی ہیں۔ یہ مقدمہ اکتوبر 2016 میں درج کیا گیا تھا۔

Back to top button