عمران حکومت کے پاؤں اکھڑ چکے، الٹی گنتی شروع ہوگئی

پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ نیب کو اپوزیشن کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے، تمام سیاسی جماعتیں بے لاگ احتساب چاہتی ہیں، عمران خان کی حکومت کے پاوں اکھڑ چکے، الٹی گنتی شروع ہوگئی۔
پی ڈی ایم جماعتوں کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی پی رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ نیب جو کچھ کر رہا ہے یہ احتساب نہیں، ایک قانون سب پر لاگو ہونا چاہیے، جس کے ہم حق میں ہیں۔ مریم نواز کے ساتھ پیپلز پارٹی کے کارکن بھی جائیں گے، اگر روکا گیا تو ذمےداری ان پر عائد ہوگی۔ لیگی رہنما رانا ثنا نے کہا کہ کل مریم نواز کی نیب پیشی پر خوف میں مبتلا ہوکر حکومت نے کوئی حرکت کی تو ذمہ دار ہوں گے، مریم نواز کے خلاف سیاسی مقدمات بنائے گئے۔ کرائے کے ترجمان کہتے ہیں پی ڈی ایم کی کوئی حیثیت نہیں۔ اب حکومتی ارکان کو پتہ چل گیا کہ پی ڈی ایم کی کیا اہمیت ہے، حکومت نیب کو استعمال کررہی ہے۔ رہنما جے یو آئی (ف) عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ حکومت نیب کو اپوزیشن کے خلاف استعمال کر رہی ہے، ہم احتساب چاہتے ہیں، لیکن جب احتساب کرنا ہے تو آٹا چینی چور اور مالم جبہ نظر نہیں آتا، یک طرفہ احتساب کو ہم جوتےکی نوک پر رکھتے ہیں۔ ڈھائی سال سے اپوزیشن پر الزامات لگا کر صرف ان کا احتساب ہورہا ہے۔ جس کسی نے ملک وقوم کو نقصان پہنچایا اس کےخلاف بھرپور ایکشن ہونا چاہیے۔
