عمران خان اورجسٹس ٹروڈو کا وباء سے ابھرتی صورت حال پر تبادلہ خیال

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو بیک وقت دو چلینجز کا سامنا ہے جس میں ایک عوام کو کووِڈ 19 وباء کے باعث بھوک سے محفوظ رکھنا دوسرا ملک کی معیشت کا پہیہ رواں رکھنا ہے۔
کینڈین وزیراعظم جسٹس ٹروڈو سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دیگر ترقی پذیر ممالک کی طرح پاکستان کو بھی زندگیاں بچانے اور وائرس کو روکنے کے دہرے چلینج کا سامنا ہے اس کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کو بھی جاری رکھنا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے کووِڈ 19 سے پیدا ہونے والی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دفتر وزیراعظم سے جاری کردہ بیان کے مطابق عمران خان نے کینیڈا میں قیمتی انسانی جانوں پر تعزیت کرتے ہوئے اس بات کو اجاگر کیا کہ عالمی وباء ایک غیر مثالی صورتحال اور بین الاقوامی تعاون کی متقاضی ہے۔
وزیراعظم نے جی 20 قرضوں میں ریلیف کے منصوبے میں پاکستان کی شمولیت کی حمایت پر کینیڈا کا شکریہ ادا کیا۔ ترقی پذیر ممالک کےلیے زندگیاں بچانے اور سماجی و معاشی چیلنجز سے نمٹنے کےلیے کارروائی مربوط کارروائی کےلیے مالی گنجائش کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ کینیڈا ’قرضوں میں چھوٹ کے عالمی منصوبے‘ کےلیے حمایت کرے گا۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے ملکوں میں پھنسے ہوئے شہریوں کی واپسی کے حوالے سے بھی بات چیت کی اور دونوں اطراف فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہا۔
وزیراعظم عمران خان نے بھارت میں کووِڈ 19 کے تناظر میں مسلمانوں کو نشانہ بنانے پر سخت تحفظات کا اظہار کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے اپنے کینیڈین ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا جہاں مواصلاتی روابط پر بندش اورطبی اور دیگر سہولیات تک رسائی کا فقدان کشمیری عوام کےلیے کووڈ 19 سے پیدا ہونے والی مشکلات میں اضافہ کررہا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مفادات کے تمام معاملات پر قریبی رابطہ رکھنے پر اتفاق کیا۔
