عمران خان غیرشرعی نکاح کیس میں آئندہ سماعت پر طلب

اسلام آباد کی سیشن عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نکاح کیس میں آئندہ سماعت پر عدالت پیش ہونے کا حکم دیا ہے، بشریٰ بی بی کیخلاف غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت سول جج قدرت اللہ نے کی، دوران سماعت سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کا خط بھی عدالت کو موصول ہوا، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر عدالت پیش کرنے سے معذرت ظاہر کی گئی۔

پراسیکیوٹر رضوان عباسی کے معاون وکیل نے سماعت ملتوی کرنے درخواست دائر کردی، جس میں بتایا گیا کہ سپریم کورٹ میں مصروفیات کے باعث عدالت پیش نہیں ہو سکتا۔وقفے کے بعد سماعت کا دوبارہ آغاز ہوا تو چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شیر افضل مروت عدالت میں پیش ہوئے اور سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت پیش کرنے کی دوبارہ ہدایت کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اب اٹک نہیں، اڈیالہ جیل کا معاملہ ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔ جج نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے استفسار کیا کہ آپ کیا سمجھتے ہیں کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش کرنا ضروری ہے۔

بعد ازاں عدالت نے اگلی سماعت پر چیئرمین پی ٹی آئی کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 2 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

Back to top button