وزیراعظم کا عمران خان پر توشہ خانہ کے تحائف فروخت کرنے کا الزام

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے توشہ خانہ سے ملنے والے تحائف 14 کروڑ روپے میں دبئی میں فروخت کیے۔شہباز شریف نے وزیر اعظم ہاؤس میں سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ میں کنفرم کر سکتا ہوں کہ عمران خان نے توشہ خانے سے تحائف لے کر بیرون ملک فروخت کیے ہیں۔
وزیراعظم نے بیچے گئے تحائف کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے یہ تحائف 14 کروڑ روپے میں دبئی میں فروخت کیے، قیمتی تحائف میں ڈائمنڈ جیولری، بریسلٹ، گھڑیاں اور سیٹ شامل ہیں۔ گفتگو جاری رکھتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مجھے بھی ایک بار گھڑی تحفے میں ملی تھی جسے میں نے توشہ خانہ میں جمع کرا دیا تھا، مجھے کچھ چھپانے کی ضرورت نہیں ہے۔
حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنائے جانے سے متعلق صحافیوں کے سوال پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی آفر اس سے قبل پرویز الٰہی کو کی گئی تھی اور انھوں نے یہ آفر قبول کرتے ہوئے دعائے خیر بھی کی تھی، دونوں جانب سے ایک دوسرے کو مٹھائیاں بھی کھلائی گئی تھیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ لیکن اس کے باوجود پرویز الٰہی بھاگ گئے جس کی وجہ سے ہمارے پاس کوئی دوسرا آپشن نہیں بچا تھا، حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنانے کا فیصلہ ان کا نہیں بلکہ پارٹی اور اپوزیشن اتحاد کا تھا کیونکہ اپوزیشن کا مؤقف تھا کہ پنجاب میں کوئی ایسا شخص وزیراعلیٰ ہو جو ڈلیور کر سکے اور پھر سب نے متفقہ طور پر حمزہ شہباز کو نامزد کیا۔
دوسری جانب سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وزیراعظم شہباز شریف کے عمران خان پر الزامات کے ردعمل میں کہا ہے کہ شہباز شریف کو سمجھ ہی نہیں آ رہی کہ عمران خان پر کیسے الزامات لگائے جائیں۔ فواد چوہدری نے وزیراعظم شہباز شریف کے عمران خان پر الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کسی دوسرے ملک نے گھڑی تحفے میں دی وہ اس وقت کے وزیراعظم نے حکومت سے خریدلی، عمران خان نے حکومت سے خریدی گئی گھڑی باہر جا کر بیچ دی تو اس میں کیا جرم ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آیا کہ شہباز شریف کا الزام ہے کیا؟ شہباز شریف کنفیوژ ہیں ان کو سمجھ نہیں آ رہا کہ عمران خان پر کیسے الزامات لگائیں۔سابق وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ گھڑی 5 کروڑ کی ہو یا 10کروڑ کی، اگر میری ہے اور میں نے بیچ دی تو اس پر کوئی اعتراض نہیں بنتا۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کبھی گھڑی تو کبھی کوئی کریکٹر لے آتے ہیں، شہباز شریف عمران خان پر کیچڑ اچھالنے کی کوشش کر رہے ہیں، شہباز شریف سطحی گفتگو سے پرہیز کریں اور ملکی مسائل پر توجہ دیں۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف حکومت میں آئے پہلے دن چینی کی قیمت میں 10 روپے اضافہ کیا گیا، گھی کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا ہے، حکومت تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرنے جارہی ہے، پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے عوام کو دیا گیا ریلیف واپس نہ لیا جائے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا شہباز شریف کو کہنا چاہتے ہیں کہ آپ نے گھبرانا نہیں ہے، لگتا ہے حکومت مریم نواز کو پاکستان سے بھگانے کی کوشش کرے گی، ہمیں نواز شریف کے واپس آنے پر نظر رکھنی ہے، مریم نواز کو پاکستان سے بھگانے نہیں دیں گے، اگر مریم نواز کو پاکستان سے بھگایا گیا تو پوری قوم ائیر پورٹ پہنچے گی۔
