عمران خان نے معاشرے میں زہرگھولا، پرسوں شکست فاش ہوگی

مسلم لیگ ن کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبا زشریف نے کہا ہے کہ پرسوں عمران خان کو شکست فاش ہوگی، وزیراعظم نے معاشرے میں زہر گھولا ایسے شخص کی تقریرنہیں سنتا ،عمران خان نے دوست ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کا بیڑا غرق کر دیا ہے، یہ یورپ کیخلاف باتیں کرکے پاکستان کی روٹی کو سکڑانا چاہتے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان کے گزشتہ روز کے قوم سے خطاب پر ردعمل میں اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ن لیگ کے صدر کا کہنا تھاچینی، ادویات، گندم، گیس، پاورپلانٹس کے اربوں کے سکینڈل سامنے آئے، مہنگے ترین فرنس آئل سے مہنگی بجلی بنائی گئی، بی آرٹی پشاور، مالم جبہ سمیت کسی ایک کیس کی تحقیقات نہیں کی گئی،احتساب کا بیانیہ دم توڑ چکا ہے،عمران خان کی ناک کے نیچے آج تک جتنے بھی میگا سکینڈل ہوئے ان میں سے ایک کا بھی ریفرنس نیب کو نہیں بھیجا، جبکہ اپوزیشن کیخلاف درجنوں کے حساب سے مقدمات درج کیے گئے،مگر ایک بھی مقدمے کے شواہد سامنے نہیں لا سکے، برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے میرے خلاف پونے دو سال تحقیقات کیں۔ عمران خان نے کہا ڈورن حملوں پر نواز شریف نے کچھ نہیں کیا تاریخ مسخ کرنے کے مترادف ہے، میرے قائد ڈورن حملوں پر پورا مقدمات لڑتے تھے،اور یہ ساری باتیں ریکارڈ پر ہیں۔
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھااب عمران خان کہہ رہے ہیں کہ عالمی سازش ہوئی، وزیراعظم نے معاشرے میں زہر گھولا ایسے شخص کی تقریرنہیں سنتا، کل اس نے کہا نوازشریف، شہبازشریف مغرب کے خلاف کیا بات کریں گے، تمہیں شرم آنی چاہیے ایسی بات کرتے ہو، ایک دھیلا تم لیگی قائد اورمیرے خلاف ثابت نہیں کرسکے، عمران نیازی نے ٹرمپ سے ملاقات میں بڑے اچھے انداز میں ملاقات کی اور کہا دوسرا ورلڈکپ لیکرآرہا ہوں، اس شخص نے دنیا اور دوست ممالک سے تعلقات کا بیڑہ غرق کر دیا، چین نے ہر ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ کس نے سی پیک کے خلاف دشنام تراشی کی، عمران خان، اسدعمر، پرویزخٹک نے سی پیک کے خلاف جھوٹا پروپگنڈا کیا تھا۔ سی پیک میں قرضے اورانویسٹمنٹ بھی شامل ہے، پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے دن رات پروپیگنڈا کیا جاتا تھا، لاہوراورنج لائن، انفراسٹرکچر پر 8 فیصد نہیں سوا 2 فیصد پر قرضے لیے گئے،
انہوں نے کہاعمران نیازی نے پونے چارسالوں میں پاکستان کے تعلقات کونقصان پہنچایا، شاہ محمود نے کہا سعودی عرب کے بغیر ہی کشمیرکا مقدمہ لڑ سکتے ہیں، خط7 مارچ کو آیا تو 3 ہفتے کیوں چپ رہے؟ نیشنل سیکیورٹی میں بعد میں گئے، کل پہلے کہا امریکا پھر کہا نہیں، نہیں، اندازہ کریں اتنے بچے معصومی میں امریکا کا نام لے گئے پھر کہا نہیں، نہیں، اگرامریکا نے خط لکھا تھا تو اوآئی سی میں امریکی وفد کو کیوں دعوت دی، خدا کا خوف کریں کس کوبیوقوف بنارہے ہیں،خود عمران نیازی نے ملتان میٹرو کے چینی کمپنی کے خلاف الزام لگائے، ملتان میٹرومیں لگائے گئے الزامات آج تک ثابت نہیں کرسکے۔ چین کی کمپنیوں پربھی کرپشن کے الزامات لگائے گئے۔
شہباز شریف نے کہا یہ آپ کا آخری ہتھکنڈا ہے، کل پارلیمان میں 172 ارکان موجود تھے، آپ اچھی طرح جانتے ہیں پرسوں شکست فاش ہو گی، شکست فاش نظرآنے پرایک لاکھ لوگوں کولانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، ابھی تک ہمارے کسی ممبر، اتحادی پارٹیوں کو کوئی تھیرٹ والی کال نہیں کی گئی، ہم نے انتظامیہ، پولیس کو کہا ہے ووٹنگ والے دن سیکیورٹی کا بندوبست کریں، اگرپرامن ووٹنگ کے لیے کہیں رکاوٹ پیدا کی گئی تو پھر انتظامیہ کٹہرے میں ہو گی، متحدہ اپوزیشن متحد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ اپوزیشن کوکئی دانے پھینکے گئے لیکن انہوں نے پرواہ نہیں کی، پرسوں عمران نیازی کو شکست فاش ہو گی، ابھی عثمان بزدارکے استعفے کا پتا چلا ہے، کل ہی اجلاس بلا لیا گیا اس سے بڑی کوئی دھاندلی ہو سکتی ہے، پنجاب میں مشاورت سے فیصلہ کریں گے، کوئی بڑا بول نہیں بولوں گا، ہم نے کبھی کرپشن کے خاتمہ کرنے کا ڈھونڈورا نہیں پیٹا، عمران خان نے 90 دن میں کرپشن کے خاتمے کا اعلان کیا تھا، ہم نے کبھی 90 دن میں کرپشن ختم کرنے کا نعرہ نہیں لگایا، ہمارے ادوار کی ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکے۔ متحدہ اپوزیشن کی حکومت معرض وجود میں آئے گی، غریب کی زندگی میں آسانیاں پیدا کریں گے، جو اقدامات کریں گے ابھی اس کا اعلان نہیں کرنا چاہتا، آئی ایم ایف کے ہم اسیر بن چکے ہیں، یورپ کے خلاف باتیں کر کے پاکستان کی روٹی کو سکیڑنا چاہتے ہیں۔

Back to top button