عمران خان کا سندھ میں گورنر راج نہ لگانے کا فیصلہ

وزیر اعظم عمران خان نے سندھ میں گورنر راج نہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے. بنی گالہ میں وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ حکومت سندھ میں گورنر راج نافذ نہیں کرے گی. بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں موجودہ ملکی سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی ہے جس میں منحرف اراکین اسمبلی اور اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد سمیت مختلف امور بھی زیر غور آئے ہیں. میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے منحرف اراکین کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے. اس ضمن میں وزیر اعظم کی جانب سے سیکرٹری جنرل تحریک انصاف عامر کیانی اور مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کو قانونی کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے. وزیر اعظم نے دو ٹوک کہا کہ منحرف اراکین کے خلاف سخت ترین ایکشن لیا جائے گا تا کہ آئندہ کوئی ہارس ٹریڈنگ کی جرات نہ کر سکے. ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیر اعظم نے اپوزیشن جماعتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا بھی اعلان کیا ہے جبکہ یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ 27 مارچ کے پاور شو میں عوام پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کھڑی نظر آئے گی. سندھ میں گورنر راج سے متعلق مشاورت ہوئی تو اجلاس میں شریک اراکین کی اکثریت نے سندھ میں گورنر راج لگانے کی مخالفت کی جس کے بعد وزیر اعظم نے یہ فیصلہ کیا کہ سندھ میں گورنر راج نہیں لگایا جائے گا.

Back to top button