عمران خان کا X اکاؤنٹ بند کرانے کی کوششیں ناکام، PTA رپورٹ جاری

اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ کو بند کرنے کی درخواست سے متعلق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی رپورٹ پیش کر دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حکومت گزشتہ ساڑھے تین سال سے عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بند کرانے کی کوششیں کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں پی ٹی اے نے 21 اگست 2022 کو ایکس انتظامیہ کو عمران خان کا اکاؤنٹ بند کرنے کے لیے خط لکھا۔ بعد ازاں توشہ خانہ، سائفر اور عدت کیسز میں سزاؤں کا حوالہ دیتے ہوئے 18 اپریل 2024 کو بھی ایکس کو درخواست ارسال کی گئی۔
پی ٹی اے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 27 نومبر 2025 کو عمران خان کی 47 ٹوئٹس بلاک کرنے کے لیے ایکس کو خط لکھا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ساڑھے تین سال کے دوران پی ٹی اے نے مجموعی طور پر تین مرتبہ ایکس کو خطوط لکھے، تاہم ایکس نے زیادہ تر درخواستیں مسترد کر دیں۔ البتہ 27 نومبر 2025 کی درخواست پر ایکس نے 47 میں سے صرف ایک ٹوئٹ بلاک کی۔
رپورٹ کے مطابق پی ٹی اے نے سوشل میڈیا کمپنیوں کو پاکستان میں اتھارٹی کے ساتھ رجسٹر ہونے کی ہدایت کی، تاہم سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نہ تو رجسٹرڈ ہوئے اور نہ ہی انہوں نے پاکستان میں کوئی فوکل پرسن مقرر کیا۔
پی ٹی اے کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اپنے ممالک میں رجسٹرڈ سوشل میڈیا کمپنیاں دیگر ممالک کے قوانین کی خود کو پابند نہیں سمجھتیں اور بیرونِ ملک سے موصول ہونے والی شکایات کو بھی اپنے داخلی قوانین کے تحت ہی دیکھتی ہیں۔
