عمران خان کو فارن فنڈنگ کیس میں بڑی مشکل کا سامنا

تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو فارن فنڈنگ کیس میں بڑی مشکل کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
اسلام آباد کی بینکنگ کورٹ نے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے کو چالان مکمل کرنے کے لیے دو دن کی مہلت دے دی ہے۔
کیس کی سماعت بینکنگ کورٹ کے جج عبدالغفور کاکڑ نے کی، جبکہ سماعت کے دوران فارن فنڈنگ کیس کے اسپیشل پراسکیوٹر واثق ملک عدالت میں موجود تھے۔
سماعت کے دوران جج عبدالغفور کاکڑ نے سوال اٹھایا کہ اب تک کیس میں کیا پیش رفت ہوئی ہے اور چالان مکمل کیوں نہیں کیا جا سکا۔ اس پر اسپیشل پراسکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ متعلقہ ملک سے قانونی رائے حاصل کرنے کے لیے خطوط ارسال کیے جا چکے ہیں۔
علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
جج عبدالغفور کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ یہ مقدمہ 2022 سے زیرِ سماعت ہے، مگر تاحال اس پر سنجیدہ توجہ نہیں دی گئی۔ عدالت نے عندیہ دیا کہ تفتیشی افسر کو شوکاز نوٹس جاری کیا جائے گا اور ڈی جی ایف آئی اے کو آئندہ سماعت پر طلب کیا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر اسپیشل پراسکیوٹر واثق ملک نے عدالت سے درخواست کی کہ چالان مکمل کرنے کے لیے ایک ہفتہ یا دس دن کی مہلت دی جائے اور شوکاز نوٹس یا ڈی جی ایف آئی اے کو طلب کرنے کا حکم فی الحال موخر رکھا جائے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ وہ معاملے کا جائزہ لے گی اور پراسیکیوشن کو ہدایت کی کہ دو دن کے اندر اپنی پیش رفت ظاہر کرے۔ بعد ازاں عدالت نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت 4 فروری تک ملتوی کر دی۔
