عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں میری حمایت شامل تھی
مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے موجودہ حکومت کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹے چودھری سالک نے میرے مشورے سے عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی حمایت میں ووٹ دیا ہے، چوہدری شجاعت کے بیٹے سالک حسین نے بطور وزیر اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھایا، ق لیگ کے طارق بشیر چیمہ اور چوہدری سالک نے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حق میں ووٹ دیا تھا۔
آصف زرداری نے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پرملاقات کی، آصف زرداری اور چوہدری شجاعت کے درمیان ملاقات کے موقع پر چوہدری سالک حسین اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ بھی موجود تھے۔
آصف زرداری اور چودھری شجاعت کی ملاقات کی اندرونی کہانی بھی سامنے آ گئی، آصف زرداری نے سالک حسین کو کابینہ میں شامل کرنے کی پیشکش کی، انھوں نے کہا کہ سالک حسین کو وفاقی کابینہ میں شامل کرنا چاہتا ہوں، سالک حسین کو ہر صورت کابینہ میں لے کر جاؤں گا۔
چوہدری شجاعت نے اس حوالے سے کہا کہ ملک و قوم کی بہتر خدمت کرسکے تو سالک حسین کے کابینہ شامل ہونے پر اعتراض نہیں، آصف زرداری نے کہا کہ آپکا شکر گزار ہوں کہ سیاسی بحران میں آپ نے عہد نبھایا ، آپ نے جو کہا وہ کیا، آپ مین آف کمٹمنٹ ہیں۔