عمران خان کی قیادت میں لانگ مارچ شاہدرہ سے روانہ

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت میں لانگ مارچ نے شاہدرہ سے منزل کی طرف سفر کا آغاز کر دیا ہے، عمران خان آج صبح ایک بجے کے قریب لاہور کے زمان پارک سے دوبارہ شاہدرہ پہنچے اور کارکنوں کو جوائن کیا۔
لانگ مارچ کے سفر کے حوالے سے ڈویژنل افسران کی نگرانی میں 4 ڈی ایس پیز تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ٹریفک کی روانی کیلئے 300 سے زائد ٹریفک وارڈنز ڈیوٹی پر مامور ہیں ۔ آزادی چوک ، راوی پل ، شاہدرہ چوک تا امامیہ پھاٹک تک اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ بیگم کوٹ چوک ، پرانے پل ، سگیاں پل ، السعید چوک میں بھی اضافی وارڈنز تعینات ہیں ۔ شاہدرہ چوک میں لوڈ بڑھنے پر بیگم کوٹ چوک ، کالا شاہ کاکو اور السعید چوک سے ڈائیورشن لگائی جائیں ی ۔
سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کے مطابق آج حقیقی آزادی مارچ کا دوسرا دن شاہدرہ سے شروع اور کامونکی میں ختم ہوگا ۔ اپنی ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ لوگوں نے عمران خان پر جو محبت نچھاور کی اُس سے سیاسی شعور کا اندازہ ہوتا ہے ۔ پی ٹی آئی خصوصاً ان خواتین کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہے جو بچوں کیساتھ آئیں۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ ہماری اس تحریک میں وہ لوگ شامل ہیں جو اگلی نسل کیلئے نظام بدلنا چاہتے ہیں ۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اس تحریک کا مقصد عوام کو باآختیار بنانا ہے اور فیصلہ سازی کو بند کمروں سے نکالنا ہے ۔
