عمران لاعلم رہےاور خیال کاسترو پنجاب کابینہ کا حصہ بن گئے

تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان پنجاب کابینہ میں توسیع سے لاعلم نکلے اور ان کی پارٹی کے خیال کاسترو وزیر بھی بن گئے۔

صوبائی  حکومت نے کابینہ میں توسیع کردی اور پی ٹی آئی کے خیال احمد کاسترو نے صوبائی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس لاہور میں ہوئی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہی نے بھی شرکت کی،گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے خیال احمد کاسترو سے صوبائی وزیر کا حلف لیا۔

تقریب حلف برداری  کےموقع پر چیف سیکریٹری محمد عبداللہ خان سنبل، صوبائی وزیر بشارت احمد راجہ، مختلف محکموں کے سیکرٹریز اور ممبران صوبائی اسمبلی موجود تھے۔

دوسری جانب زمان پارک میں سینئر رہنما نے اعتراض کیا کہ آج کابینہ میں توسیع ہوئی ہے ، ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے خیال کاسترو کے وزیر بننے پر لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے علم نہیں تھا کہ آپ وزیر بن رہے ہیں، میں تو سمجھا تھا کہ کسی محکمے کی سربراہی دینا ہے، چلیں کوئی بات نہیں لیکن آپ کے وزیر بننے سے ہمارے بیانیے کو نقصان پہنچا۔

واضح رہے کہ عمران خان نے پنجاب اور کے پی کی اسمبلیاں اسی ماہ تحلیل کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

Back to top button