عمران پر تنقید کے بعد شاہد آفریدی یوتھیوں کے نشانے پر
سابق کرکٹ سٹار شاہد خان آفریدی نے عمران خان پر نام لیے بغیر تنقید کرنے کے بعد نئے وزیر اعظم شہباز شریف کو مبارکباد کیا دی، سوشل میڈیا پر موجود یوتھیوں کے تن بدن میں آگ لگ گئی اور وہ غصے سے پھنکارنے لگے۔
یاد رہے کہ ماضی میں عمران خان کے قریب سمجھے جانے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے وزیر اعظم کی تبدیلی کے بعد نو منتخب وزیر اعظم کو مبارک باد پیش کی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے نام لیے بغیر سابق وزیر اعظم عمران خان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
شاہد آفریدی نے ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ جب وقت رخصت آجائے تو آپ چاہے حق پر ہوں، اپنی رخصت باوقار طریقے سے قبول کرنی چاہیے ورنہ بےعزت ہو کر جانا پڑتا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے شہباز شریف کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ ملک کو معاشی اور سیاسی بحرانوں سے نکالنے میں کامیاب ہوں گے۔ سابق سٹار کرکٹر نے سابق وزیراعظم عمران خان کا نام لیے بغیر لکھا کہ ’جب وقت رخصت آجائے تو چاہے حق پر ہوں یا غمزدی، رخصت باوقار طریقے سے قبول کرنی چاہیے۔‘ شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ ’الزامات سازشیں حتیٰ کہ شکست بھی اقتدار کے کھیل کا حصہ ہے۔ تاریخ کے صفحات میں بالآخر بات اخلاقی معیار، جمہوریت اور آئین کی بالادستی پر آتی ہے۔‘
لیکن شاہد آفریدی کی ٹویٹس پی ٹی آئی کے حامی صارفین کو پسند نہ آئیں انہوں نے آفریدی کا رگڑا نکالنا شروع کر دیا۔
زویا نامی صارف نے سابق کرکٹر کی ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اچھا ہوا شاہد آفریدی کی پی ٹی آئی میں شامل ہونے کی افواہیں حقیقت نہ بن پائیں کیونکہ دو عامر لیاقتوں کو ایک ساتھ ہینڈل نہیں کیا جاسکتا تھا۔‘ عذرا نامی صارف نے شاہد آفریدی کے کرکٹ کیریئر کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’آپ پچھلے 11 سال میں پانچ مرتبہ ریٹائر ہوئے اور اب کہہ رہے ہیں جب رخصت کا وقت آئے باوقار طریقے سے قبول کرو۔‘ ارشد ملک نامی صارف نے شاہد آفریدی کی ٹویٹ کو ’کرکٹ ہیرو‘ کا توجہ حاصل کرنے کا ’شرمناک‘ طریقہ قرار دیا۔
تاہم ٹوئٹر پر صارفین کی ایک بڑی تعداد ایسی بھی ہے جو شاہد آفریدی کا دفاع کرتی ہوئی نظر آرہی ہے اور پی ٹی آئی کے حامیوں کی تنقید کا جواب بھی انہی کی طرف سے آرہا ہے۔ حماد ولید نامی صارف کہتے ہیں کہ ’آفریدی کو صرف ایک مبارکباد کا پیغام دینے پر اتنی نفرت کا سامناکرنا پڑرہا ہے جو افسوس ناک ہے۔‘ انہوں نے لکھا کہ ’سیاست میں سوشل میڈیا کے ذریعے گھولی گئی نفرت انگیزی کو ٹھیک ہونے میں وقت لگے گا۔‘ قادر خواجہ نے بھی شاہد آفریدی کو دلاسہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’آپ ہمارے قومی ہیرو ہیں۔ یوتھیوں کی قوم بدتہذیبی اور بدتمیزی کی طرف جارہی ہے، یہ نئے پاکستان کی پیداوار ہے لیکن ہو سکتا ہے کہ پرانے پاکستان کی جانب واپسی کے بعد قوم یوتھ کو ہوش آ جائے۔ انہوں نے لکھا کہ ’کچھ شرم کرلو شاہد آفریدی سپرسٹار ہے نوجوانو۔ اس کے بارے میں فضولیات بکنے سے پہلے سوچ تو لیا کرو’۔
رضوان نامی صارف نے لکھا کہ ‘آفریدی نے اپنے کیرئیر کے دوران عمران خان سے زیادہ وقار دکھایا ہے جس نے اپنے خلاف عدم اعتماد ہو جانے کے باوجود چھوٹے بچے کی طرح کرسی پر بیٹھے رہنے کی ضد میں ملک کی عزت داؤ پر لگا دی۔ سارہ شیخ نامی صارف نے لکھا کہ یہ وہی عمران ہے جو امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کرکے پاکستان واپس آیا تو فرمایا کہ مجھے لگتا ہے میں نے ایک اور ورلڈ کپ فتح کرلیا ہے، لیکن جب اپوزیشن نے اسکے خلاف تحریک عدم اعتماد داخل کی تو اسے امریکی سازش قرار دے دیا۔