عمران کی سالگرہ بھی ان کی طرح متنازع کیوں ہو گئی؟

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سالگرہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بننے کے بعد اب متنازعہ ہو گئی ہے جس کی بنیادی وجہ ان کا شناختی کارڈ سامنے آنا ہے جس میں ان کی تاریخ پیدائش 5 اکتوبر 1952 کی بجائے 25 نومبر 1952 لکھی ہوئی ہے۔ سوشل میڈیا پر ناقدین یہ کہتے نظر آتے ہیں کہ عمران خان کے امریکی سازش کے بیانیے کی طرح انکی تاریخ پیدائش بھی جھوٹی نکلی ہے جس سے ان کی رہی سہی ساکھ کا بھی جنازہ نکل گیا ہے۔ تاہم عمران نے اپنی 70ویں سالگرہ پر کھڑے ہونے والے تنازعے کے حوالے سے کوئی وضاحت جاری نہیں کی۔
دوسری جانب عمران خان ان عالمی رہنمائوں میں شامل ہوگئے ہیں جن کی عمریں 70 سے 80 سال کے درمیان ہیں، ان سیاستدانوں میں امریکی صدر جو بائیڈن، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی، سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، سابق وزیراعظم نواز شریف، اور سابق صدر آصف علی زرداری سمیت روسی صدر ولادیمیر پوتن بھی شامل ہیں۔ روسی صدر پوتن 6 اکتوبر کو اپنی 70ویں سالگرہ منائیں گے، عمران خان کی سالگرہ کے حوالے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر جہاں انہیں مبارک باد دینے کا سلسلہ جاری ہے وہیں لوگ ان کی شخصیت سے متعلق دلچسپ تبصرے بھی کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے عمران کے ساتھ اپنی پرانی تصویر پوسٹ کر کے لکھا 1996 میں میری خان سے پہلی ملاقات ہوئی تو ان کی عمر 44 برس تھی۔ صارف سعد طارق نے لکھا کہ ان والدین کا شکریہ جنہوں نے ہمیں خان جیسا سچا لیڈر دیا جو لوگوں کا دکھ اور انکا درد محسوس کرتا ہے۔ تاہم اس ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے صابر نامی ایک صارف نے لکھا کہ اگر عمران خان لوگوں کا دکھ اور درد محسوس کرتا تو کم از کم نعیم الحق جیسے اپنے قریبی ترین ساتھیوں کے جنازوں میں تو شریک ہوتا ہے۔
اسی دوران رمیض راجہ کی سربراہی میں چلنے والے پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے عمران کو ان کی 70ویں سالگرہ پر مبارک دیتے ہوئے ان کے کرکٹ کیریئر کے اعداد و شمار پوسٹ کیے۔ ٹوئٹر صارف رضوان جرال نے لکھا کہ عمران 70 برس کے ہو جانے کے باوجود اب بھی جوان نظر آتے ہیں۔ ان کو نہ تو خانگی زندگی کے مسئلے پریشان کرتے ہیں اور نہ ہی کوئی معاشی مسئلہ۔ جب آپ کو فکری، ذہنی اور معاشی آسودگی حاصل ہو تو پھر آپ واقعی بوڑھے نہیں ہوتے۔
معروف کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو نے عمران خان کی پرانی تصویر کے شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایک بے مثال کرکٹر اور بے مثال کپتان۔ قاسم خان نامی ٹوئٹر صارف نے ہائو سویٹ لکھتے ہوئے عمران کی سابقہ اہلیہ جمائما خان کے ساتھ انکی ایک ویڈیو کو پوسٹ کیا، آدم میمن نامی ٹوئٹر صارف نے عمران کو پاکستان کا فخر قرار دیتے ہوئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ احتشام الحق نامی صارف نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں عمران ایک تقریب سے خطاب کر رہے ہیں جبکہ اس موقع پر شرکا عمران خان کو بلند آواز میں Happy Birthday کہتے ہوئے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہیں۔ جواب میں عمران عمران یہ کہتے سنائی دیتے ہیں کہ جب کوئی شخص 70 برس کا ہو جاتا ہے تو اس کو یوم پیدائش یاد نہیں کراتے ہیں۔ عمران کے بھانجے حسان نیازی نے بھی ٹوئٹر پر اپنے ماموں کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا، جبکہ عمران کے ساتھ اپنی مختلف تصاویر بھی شیئر کیں۔
تحریک انصاف کے سینئر رہنما زلفی بخاری نے بھی عمران کو بہادر اور بے خوف شخص قرار دیتے ہوئے 70ویں سالگرہ کی مبارکباد دی، ثاقب ورک نامی ٹوئٹر صارف نے بھی عمران کو مثالی لیڈر قرار دیتے ہوئے ان کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کی، ماہ نور ملک نامی ٹوئٹر صارف نے عمران خان کے بچپن کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کو سالگرہ کی ڈھیروں مبارکباد دی۔ یاد رہے کہ عمران خان نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی سیاسی جماعت تحریک انصاف کی بنیاد 1996 میں رکھی تھی اور پھر 2018 کے دھاندلی زدہ انتخابات کے نتیجے میں وزیراعظم بن گئے تھے۔
