عمران خان کو مائوں، بہنوں، بیٹیوں کی عزت کا نہیں پتا

سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے آج ملتان میں جلسے سے خطاب کے دوران مریم نواز کے بارے میں جملے کسنے پر مسلم لیگ ن نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

لندن میں صحافیوں سے گفتگو میں سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہاعمران خان کو یہ نہیں پتا ماں بہن کی عزت کس کو کہتے ہیں، انہیں ہمارے اور اسلامی معاشرے میں خواتین کی عزت اور مقام کا نہیں پتا، مدینہ کی ریاست کا نام لیکر حرکتیں وہ کرتا ہے جو دنیا کے کسی گندے سے گندے معاشرے میں دیکھنے کو نہیں ملتیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بیٹی مریم نواز کے خلاف قابل افسوس زبان درازی پر پوری قوم خاص طور پر خواتین پرزور مذمت کریں،کم ظرفی کے اظہار سے ملک و قوم کے خلاف آپ کے جرائم چھپ نہیں سکتے، مسجد نبویﷺ کی حرمت و ناموس کا پاس نہ کرنے والوں سے ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کی عزت وتکریم کی کیا توقع ہوسکتی ہے؟۔

انکا کہنا تھا تاریخ کا پہلا شخص ہے جو ایک جماعت کے سربراہ کے طور پر بد تہذیبی کے اس پاتال میں جا گرا ہے، قوم بنانے نکلے تھے اور قوم کے اخلاق کو ہی بگاڑ دیا، انا للّٰہ وانا الیہ راجعون۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے ایک ٹویٹر پیغام میں کہا کہ عمران خان زبان کو لگام دو ورنہ گندگی پھیلانے والی زبان ہمیں کھینچنا آتی ہے۔

انکا کہنا تھاتم قوم کی بیٹی مریم نواز شریف کے بارے میں جملے بازی کر کے پوری قوم کی خواتین کی توہین کر رہے ہو، عمران خان کی گندی تربیت اور کردار کا عکس ہے، یہ ہے وہ لوفر، لفنگا جو وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان کی کرسی پر چار سال گند پھیلاتا رہا، ملک کی معیشت، عوام کو تباہ کرنے والے عمران خان نے معاشرے کی اخلاقی قدروں کا بھی جنازہ نکال دیا ہے،عمران خان کا منہ گندا نالا بن چکا ہے، ہم نے اپنا جذبہ اور جنون دکھایا تو عمران نیازی سے برداشت نہیں ہوگا، عمران نیازی مریم نواز کی نہیں پورے پاکستان کی بیٹیوں کی توہین کر رہا ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان کے خطاب پر شدید ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ملتان جلسہ میں عمران خان نے مریم نواز شریف کے خلاف جو اخلاق سے گری ہوئی گفتگو کی ہے اس نے ہر پاکستانی کا سر شرم سے جھکا دیا، ایک شخص جو خود کو مقبول لیڈر کہتا ہے اسے بات کرنے کی بھی تمیز نہیں ہے۔

واضح رہے کہ ملتان جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا تھا کہ ’مجھے کسی نے سوشل میڈیا پر تقریر بھیجی، مریم تقریر کر رہی تھی کل، اس میں اتنی دفعہ اور اس جذبے سے اور اس جنون سے میرا نام لیا کہ میں اس کو کہنا چاہتا ہوں کہ مریم دیکھو تھوڑا دھیان کرو تمہارا خاوند ہی ناراض نہ ہوجائے جس طرح تم بار بار میرا نام لیتی ہو۔

Back to top button