عمران 4 ارب کا تحفہ وصول کرنے والے پہلے سیاستدان

سابق وزیر اعظم عمران خان 4 ارب روپے مالیت کا مہنگا ترین گفٹ یا تحفہ وصول کرنے والے پہلے پاکستانی سیاستدان بن گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے گوشواروں کے مطابق بنی گالہ میں ان کی 300 کنال رقبے پر پھیلی ہوئی رہائش گاہ انہیں گفٹ میں ملی تھی۔ یہ زمین انہیں ان کی سابقہ اہلیہ جمائما خان نے تحفہ میں دی اور یوں انہیں ارب پتی بنادیا۔
پراپرٹی سروے کے مطابق اس وقت اس اراضی کی مارکیٹ ویلیو تقریباً 4 ارب روپے بنتی ہے کیونکہ اس ایریا میں زمین کی فی کنال قیمت ایک سے ڈیڑھ کروڑ روپے کے درمیان ہے۔ بنی گالہ کی زمین لوکیشن کے اعتبار سے نہایت قیمتی ہے کیونکہ یہ ایک بلند پہاڑ کی چوٹی پر واقع ہے جہاں سے مارگلہ ہلز اور راول ڈیم کا حسین نظارہ کیا جا سکتا ہے۔ بلند پہاڑ کی وجہ سے اسلام آ باد شہر عمران خان کے گھر سے نیچے لیول پر ہے۔ بنی گالہ میں عمران کی ملکیتی اراضی موضع موہڑہ میں واقع ہے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان میں عمران خان کی جانب سے جمع کرائے گئے گوشوارے میں ظاہر کیا گیا کہ انکے بنی گالہ محل کی اضافی تعمیرات پر گیارہ لاکھ 46 ہزار روپے خرچ کئے گئے۔
یاد رہے کہ بنی گالہ میں گھر تعمیر کرنے کی اجازت نہیں تھی لیکن عمران خان کے دور حکومت میں وفاقی کابینہ نے 14 اکتوبر 2019 کے اجلاس میں بنی گالہ کے ماسٹر پلان میں ترمیم کی منظوری دی جس کے تحت زون فور میں انفرادی گھروں کی تعمیر کی اجازت دیدی گئی اور یوں خان صاحب کے غیر قانونی گھر کو ریگولرائز کردیاگیا۔اس سے قبل زون فور میں صرف فارم ہاؤس بنا نے کی اجازت تھی۔ ماسٹر پلان کی روشنی میں بلڈنگ بائی لاز بنائے گئے اور سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول سیکشن نے 20مارچ 2020 کو عمران خان کے گھر کے بلڈنگ پلان کی منظوری کا خط جاری کیا ۔ عمران خان کی بنی گالہ رہائش گاہ کا کورڈ ایریا 11371 مربع فٹ ہے۔ نقشہ کی منظوری کیلئے عمران خان نے 12 لاکھ 6 ہزار روپے کا پے آرڈر تین مارچ 2020کو جمع کرایا۔ نقشہ کی منظوری کیلئے سی ڈی اے کو خط 5 اکتوبر 2018 کو لکھا گیا تھا۔ عمران کے انتخابی گوشوارے کے مطابق بنی گالہ میں موجودہ گھر کے علاوہ بھی عمران خان کی ملکیتی چھ کنال اور سولہ مرلے اراضی موجود ہے۔
عمران خان نے حالیہ ضمنی الیکشن میں حصہ لیتے وقت الیکشن کمیشن میں جو گوشوارے جمع کروائے ہیں ان کے مطابق انہیں سال 2020 میں بطور وزیر اعظم بیرونی ممالک سے 17 تحائف ملے جن میں سے 12 تحائف انہوں نے اپنے پاس رکھ لئے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری توشہ خانہ ریفرنس کے فیصلہ کے مطابق عمران خان نے سال 2020 کے دوران بیرون ممالک سے تحفہ میں ملنے والے 5 کم قیمت تحائف توشہ خانہ میں جمع کروائے جبکہ رولیکس گھڑی ، انگوٹھیوں، نیکلیس، بریسلیٹ اور بالیوں سمیت 12 تحائف اپنے پاس رکھ لئے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے حال ہی میں سنائے جانے والے خان صاحب کی نا اہلی کے فیصلے کے مطابق موصوف نے بیرون ملک سے بطور تحفہ ملنے والے 15 ہزار سے 20 ہزار روپے تک مالیت کے درجنوں تحائف بشمول وال کلاک، ایش ٹرے، پیپر ویٹ، اور ڈیکوریشن پیس مفت ہی حاصل کر لئے۔
