عوام کا خون نچوڑنے کی بجائے عمران خان قوم کی جان چھوڑ‌دیں

مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کا خون نچوڑنے کی بجائے عمران خان ملک اور قوم کی جان چھوڑ دیں۔

قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو منی بجٹ کا تسلسل قرار دیتے کہا کہ بجلی کی قیمت میں 14 فیصد حالیہ اضافے کے بعد پٹرول کی مہنگائی کا بم منی بجٹ کا تسلسل ہے ، منی بجٹ پر منی بجٹ حکومت کی ناکامیوں کا ثبوت ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 10 روپے سے زائد بڑھانا مظلوم عوام کی بد دعائیں لینے کے مترادف ہے ، عوام کیسے زندہ رہیں گے؟ غریب آدمی گھر کا نظام کیسے چلائے؟ بچوں کو روٹی کیسے کھلائے؟ پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہوجاتی ہے۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ رعایتی نمبر ملنے کے باوجود عمران نیازی ملک اور عوام کی خدمت میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں ، عوام کا خون ہر روز نچوڑنے سے بہتر ہے عمران نیازی ملک اور قوم کی جان چھوڑ دیں ، مہنگائی بڑھے تو وزیراعظم کرپٹ ہے ، ایسے شخص کو وزارت عظمٰی سے چمٹے رہنے کا حق حاصل نہیں۔

Back to top button