عیدالاضحیٰ کےبعد دفتری اوقات معمول پر لانے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے کورونا کی صورت حال میں بہتری آنے کے بعد اب دفتری اوقات کو بھی معمول پر لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق 3 اگست سے دفتری اوقات صبح 9 سےشام 5 بجے تک ہوں گے۔ اس حوالے سے مزید بتایا جا رہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام وزارتوں، ڈویژنز کو نوٹی فکیشن ارسال کردیا ہے جس کے مطابق عید کے فوری بعد دفاتر کے اوقات معمول پر آجائیں گے۔
خیال رہے کہ پوری دنیا کی طرح کورونا نے پاکستان میں بھی اپنے قدم جما لئے تھے جس کے بعد پاکستان میں بھی بیشتر ممالک کی طرح لاک ڈاؤن کر دیا گیا تھا، لیکن حالات معمول پر آنے کے ساتھ ساتھ اب عوام کو ریلیف دیا جا رہا ہے جس کے بعد کوشش کی جا رہی ہے کہ روزانہ کے معاملات کو پہلے کی طرح معمول کے مطابق کر دیا جائے، تاہم اس وقت ملک بھر میں عید کا سماں ہے، لیکن عید بھی حکومتی احکامات کے مطابق منائی جا رہی ہے، ساتھ ہی ساتھ لوگوں کو ہدایت کی جارہی ہے کہ وہ ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے عید منائیں۔
خیال رہے کہ اس وقت دنیا بھر کے مسلمانوں میں عید کی خوشیاں پائی جا رہی ہیں۔ تاہم ملک بھر میں عید کی تعطیلات کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر شہباز گل نے عید کی تعطیلات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے موقع پر 3 چھٹیاں دی جائیں گی۔ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ عید کےلیے صرف 1 چھٹی دی جائے گی، تاہم حکومت نے اس کی تردید کر دی ہے۔
