عید الفطر :ریلوے اسٹیشن اور بس اڈوں پر مسافروں کا رش

صوبائی دارالحکومت لاہورکے ریلوے اسٹیشن اور انٹرسٹی ٹرمینل پرعیدالفطر اپنے عزیزواقارب کے ساتھ منانے کیلئے جانیوالے مسافروں کی بڑی تعداد جمع ہے۔
لاہورمیں ہزاروں افراد پنجاب کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں جو یہاں نجی اور سرکاری شعبوں میں کام کرتے ہیں اورعید سمیت دیگر اہم مواقع پر اپنے آبائی شہر واپس جاتے ہیں۔
حکومت کی جانب سے عید کے موقع پر پیر تا جمعرات 4 دن کی چھٹیوں کا اعلان ہونے کے بعد کافی لوگ جمعے کے روز اپنے آبائی گاؤں پہنچنے میں کامیاب ہوگئے جبکہ دیگر لوگ ہفتے کو اپنے گاؤں روانہ ہوئے۔
آبائی علاقوں کو جانیوالے مسافروں کا مشکلات کا بھی سامنا ہے،ملتان جانے کے لیے شہر کے بس ٹرمینل پر ٹکٹ لینے کی کوشش کرتے ہوئے ایک مسافر سرفراز نے بتایا کہ ‘پیر کو شروع ہونے والی عید کی چھٹیوں سے قبل ہفتہ کام کا آخری دن تھا اور میں جمعہ کو اپنے گاؤں جانا چاہتا تھا مگر چھٹی نہ ملنے کی وجہ سے اب میں ہفتہ کو جاؤں گا۔ لاہور کے سرکاری محکمہ میں کام کرنے والے سرفراز نے بتایا کہ ٹکٹ کی قیمت میں گزشتہ 2 برسوں سے دگنا اضافہ ہوگیا ہے۔ ایک اور مسافر کاشف نے بھکر کے لیے ٹکٹ لینے کے بعد ڈان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں لاہور کی ایک فیکٹری میں بطور منیجر کام کرتا ہوں اور عید کی چھٹیاں اپنے گھر والوں کے ساتھ گزار کر جمعہ کے روز میں پھر واپس آؤں گا۔انہوں نے کہا ان کے دیگر دوست بھی اسی بس ٹرمینل سے راولپنڈی، اٹک اور مظفر گڑھ اپنے آبائی گاؤں جارہے ہیں۔
دوسری جانب بس ٹرمینل کے عملے نے بتایا کہ لاہور سے آنے والے مختلف انٹرسٹی روٹس پر چلنے والی تمام بسیں بس ٹرمینلز پر مسافروں کی بھرمار کے ساتھ روانہ ہو رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ ’ہمارے لیے اتنی بڑی تعداد میں مسافروں کو سنبھالنا مشکل ہو گیا ہے جو ٹکٹ کاؤنٹر پر طویل عرصے سے اپنی باری کا انتظار کر رہے ہیں۔
