عید سر پر آ گئی مگر بس اڈے خالی پڑے ہیں

عید اپنے پیاروں کے ساتھ منانا کس کی خواہش نہیں ہوتی لیکن کرونا وبا نے وہ کچھ کر دکھایا ہے جو آج کے دور میں لوگ تصور بھی نہیں کر سکتے تھے۔
سرکاری حکام نے خبردار کیا تھا کہ اگر عوام نے احتیاط نہ کی تو عید الاضحیٰ کے موقعے پر ملک میں کرونا وائرس کے زیادہ کیسز سامنے آسکتے ہیں۔ اس عید پر کم چھٹیوں اور وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر لوگ دوسرے شہر نہیں جا رہے، جس کی تصدیق پبلک ٹرانسپورٹ کے اڈوں پر کم رش سے ہوتی ہے۔
اسلام آباد میں بس سروس نیازی ایکسپریس کے سینئر مینیجر مہر خلیل نے بتایا کہ لاہور اور اسلام آباد جانے والی بسیں نہ ہونے کے برابر ہیں۔ فیض آباد ٹرمینل پر اسکائی ویز بس سروس کے مینیجر اصغر علی نے بھی اسی قسم کے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عید سے پہلے بس اڈے پر جس طرح کا ہجوم ہوتا تھا، وہ اس مرتبہ بالکل بھی نہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وہ وبا سے بچنے کےلیے تمام ایس او پیز پر عمل کر رہے ہیں۔ ’ ہم اپنے پاس سے مسافروں کو ماسک دیتے ہیں لیکن کچھ لوگ اب بھی کہتے ہیں کہ انہیں ماسک نہیں پہننا۔ عوام سے اپیل ہے کہ ہمارے ساتھ تعاون کریں۔‘
کرونا وبا کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ میں بطور بس ہوسٹس کام کرنے والی خواتین ملازمین کے روزگار پر بھی اثر پڑا ہے۔ اسکائی ویز کے مینیجر نے بتایا کہ بس ہوسٹس کمیشن پر کام کرتی تھیں، چونکہ سروس تین ماہ بند تھی لہٰذا انہیں کئی لوگوں کی ملازمت ختم کرنی پڑی۔
خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے 28 جولائی سے صوبے میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ گزشتہ جمعے وزیر اعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ میں قوم سے عید الاضحیٰ سادگی سے منانے کی اپیل کی تھی تاکہ عیدالفطر پر ایس او پیز پسِ پشت ڈالنے سے کرونا کیسز میں اضافے جیسی تشویش ناک صورت حال پیدا نہ ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button