غدار ضمیر فروشوں کو معاف نہیں کیا جائے گا
تحریک انصاف کے رہنماشہباز گل نے کہا سندھ ہاؤس اسلام آباد کے بعد لاہور کے نجی ہوٹل میں ن لیگ نے ضمیر خریدنے کی منڈی لگا رکھی ہے۔ تحریک انصاف یوتھ ونگ اور لاہورکی تنظیم اس وقت لاہور میں نجی ہوٹل کے سامنے اس خرید و فروخت کے خلاف مظاہرہ کر رہی ہے، غدارضمیر فروشوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔
دریں اثنا مقامی ہوٹل میں متحدہ اپوزیشن کے ارکان کی موجودگی پر تحریک انصاف کے کارکن احتجاج کرنے پہنچ گئے، تحریک انصاف کے کارکن ریلی کی شکل میں ہوٹل کے باہر پہنچے، خواتین کارکن بھی ریلی میں شامل تھیں، تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے شرم کرو حیا کرو کے نعرے لگائے گئے، اپوزیشن ارکان بھی ہوٹل سے باہر آگئے، متحدہ اپوزیشن نے اپنی خواتین ارکان اسمبلی کو کمروں میں بھیج دیا۔ اس دوران ن لیگ کے رہنما خواجہ عمران نذیر کے پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات ہوئے جس کے بعد وہ ساتھی ارکان کو ہوٹل کے اندر لےگئے۔
واضح رہے کہا گزشتہ روز سپیکر نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس ملتوی کردیا تھا جس کے بعد اپوزیشن ارکان نے ایوان سے باہر جانے سے انکار کردیا تھا تاہم بعد ازاں اپوزیشن نے طے کیا کہ وزیراعلیٰ کے انتخاب تک ارکان گھر نہیں جائیں گے۔