غلام سرور خان نیب کے ریڈار پر آگئے

قومی احتساب بیورو (نیب) نے وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان پر ہاتھ ڈالنے کی تیاری کرلی ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر (اسٹاف) برائے ڈی جی نیب محمد سلیم احمد خان نے حال ہی میں راولپنڈی انتظامیہ کو خط لکھ کر وفاقی وزیر اور ان کے اہل خانہ کی جائیداد کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
خط کے مطابق نیب فی الوقت غلام سرور خان کی خلاف شکایت کی تصدیق کے مرحلے پر ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) راولپنڈی سے کہا گیا ہے کہ غلام سرور خان اور ان کے اہل خانہ کے نام پر زرعی، رہائشی اور کمرشل جائیداد، زمینوں اور پلاٹس کی خریداری، لین دین اور فروخت کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔
ذرائع کے مطابق خفیہ خط میں وفاقی وزیر کے اہل خانہ کے پانچ ارکان کے نام اور ان کے شناختی کارڈ نمبرز بھی درج ہیں۔ راولپنڈی انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ متعلقہ پٹواری کے ذریعے مطلوبہ معلومات جمع کرکے نیب راولپنڈی کے انوسٹی گیشن افسر کے پاس جمع کرائیں۔ یہ صورت حال عمران خان کےلیے پریشان کن ثابت ہو سکتی ہے، حکومت کو نیب کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ بیورو پنجاب کے سینئر وزیر علیم خان کے خلاف بھی مواد جمع کر رہا ہے، وہ پہلے بھی نیب کی حراست میں رہ چکے ہیں اور حال ہی میں پنجاب کابینہ کا حصہ بنے ہیں۔ علیم خان نے جیل میں کچھ ماہ گزارے اور حال ہی میں لاہور ہائی کورٹ نے انہیں ضمانت پر رہا کیا ہے۔ اگرچہ وفاقی سطح پر پی ٹی آئی کے چند ہی رہنما اور وزیر نیب کی نظر میں ہیں، لیکن بیورو نے اب تک کسی کو بھی گرفتار کرنے کے معاملے میں تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔
اپوزیشن جماعتوں کی شکایت ہے کہ نیب سرکاری وزیروں اور حکمران جماعت کے رہنمائوں کو چھوڑ کر صرف اپوزیشن رہنماؤں کو ہدف بنا رہا ہے اور انہیں جعلی مقدمات میں پھنسا رہا ہے۔ اپوزیشن کا یہ بھی الزام ہے کہ حکومت اور نیب کے درمیان گٹھ جوڑ ہے۔
تاہم، حقیقت یہ ہے کہ نیب نے حکمران جماعت کے رہنماؤں اور وزراء کے خلاف مبینہ کرپشن کے کیسز شروع کر دیے ہیں۔ عموماً سیاست دانوں، بیوروکریسی اور میڈیا نے نیب کی ساکھ اور اس کے کام کرنے کے انداز پر سوالات اٹھائے ہیں لیکن بیورو کا دعویٰ ہے کہ وہ میرٹ پر اور قانون کے مطابق کام کر رہا ہے۔
پی ٹی آئی حکومت میں بھی کئی لوگ ایسے ہیں جو نیب کے کام کرنے کے انداز پر تحفظات کا اظہار کرتے ہیں۔ خدشہ ہے کہ اگر نیب کے قانون میں ترمیم نہ کی گئی تو بیورو کو ایک نہ ایک دن عمران خان حکومت کے خلاف بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ حال ہی میں حکومت کی اتحادی شراکت داروں اور ق لیگ کے رہنمائوں نے گجرات کے چوہدریوں کے خلاف دہائیوں پرانے مقدمات کھولنے پر نیب پر تنقید کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button