غیر قانونی امیگریشن مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی، محسن نقوی

وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیر قانونی امیگریشن میں ملوث مافیا کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
محسن نقوی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اور ایف آئی اے کے کراچی و لاہور زون کے ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایف آئی اے کے امیگریشن ونگ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور غیر قانونی امیگریشن و انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے جاری اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران پیشہ ور بھکاری مافیا کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ وزیر داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کے احکامات دیے۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے ائیرپورٹس پر امیگریشن چیکنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور سفری دستاویزات کی سخت اسکریننگ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ پاکستان کے نام پر کسی بھی صورت میں آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔
