فائرنگ سے سابق صدر ڈسٹرکٹ بار جھنگ منیر سدھانا سمیت تین افراد قتل

جھنگ میں گوجرہ روڈ پر موٹرسائیکل پر سوار دو مسلح افراد نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں جھنگ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر  محمد منیر سدھانا, ان کا ڈرائیور اور ایک راہ گیر جاں بحق جبکہ ایک دکاندار شدید زخمی ہو گیا۔

 رپورٹ کے مطابق سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

منیر سدھانا اپنی گاڑی میں جھنگ ڈسٹرکٹ کورٹس کمپلیکس جا رہے تھے کہ بلقیس ہسپتال کے قریب انہیں نشانہ بنایا گیا۔ ان کا ڈرائیور ممتاز احمد موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ سدھانا، دکاندار اور راہ گیر مشتاق کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سدھانا اور مشتاق زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

جاں بحق ہونے والے وکیل سابق وفاقی وزیر داخلہ سید فیصل صالح حیات کے قریبی ساتھی تھے، جو لواحقین کے ہمراہ اسپتال میں موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر اور ڈی پی او بلال کیانی بھی ہسپتال پہنچے۔ حملے کی خبر عدالتوں میں پہنچتے ہی وکلا نے ہڑتال کر دی۔

ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر مہر محمد فرید نواز نول نے ایک پریس ریلیز میں سدھانا کے قتل پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

رپورٹ درج ہونے تک کوئی ایف آئی آر داخل نہیں کی گئی تھی، پولیس کے مطابق انہیں تاحال مقدمہ درج کرنے کے لیے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔

منیر سدھانا کی نمازِ جنازہ چرچ گراؤنڈ میں ادا کی گئی، جس میں وکلا، ججوں، سرکاری افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Back to top button