فرح کو دوسری شادی بھی راس نہ آئی، علیحدگی ہو گئی

بشریٰ انصاری کے ہاتھوں اپنے پہلے شوہر اقبال حسین کو کھونے والی مارننگ شو ہوسٹ فرح سعدیہ کو دوسری شادی بھی راس نہیں آئی۔ معلوم ہوا ہے کہ فرح نے ایک امریکہ پلٹ شادی شدہ شخص توقیر احمد سے کچھ عرصہ پہلے شادی کرلی تھی جسے خفیہ رکھا گیا۔ حالانکہ توقیر کی پہلی بیوی کا دو برس پہلے انتقال ہو گیا تھا لیکن فرح کے ساتھ مختلف معاملات پر اختلافات پیدا ہو جانے کے بعد اب دونوں میں علیحدگی ہو گئی ہے جس کی تصدیق توقیر احمد نے ایک انٹرویو میں کی ہے۔ دوسری طرف فرح سعدیہ اس معاملے پر لب کشائی کرنے سے گریزاں ہیں۔
فرح سعدیہ کے سابق شوہر اقبال حسین سے بشریٰ انصاری نے دوسری شادی کیا کی، فرح بھی خبروں میں اِن ہو گئیں۔ سوشل میڈیا پر کبھی ان کی مظلومیت کے قصے وائرل ہوتے اور کبھی اقبال حسین کے ساتھ گزارے لمحے، اور تو اور ویلنٹائن ڈے پر آن ایئر ہونے والا فرح کا وہ خاص مارننگ شو بھی ایک بار پھر ہٹ ہو گیا جس میں وہ اپنے سابقہ شوہر سے انٹرویو کرتی ہیں اور ان کی پوری کوشش ہوتی ہے کہ اقبال ان سے رومانس جھاڑیں۔ انٹرویو کے دوران، طلاق کے باوجود فرح کی آنکھوں میں محبت کی چمک واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے جبکہ توقیر احمد ان کی زندگی میں آ چکے تھے۔ کہنے والے تو یہ بھی کہتے ہیں کہ جب بشریٰ نے اقبال حسین سے شادی کی تھی اور فرح کو ہر کوئی بیچاری سمجھنے لگا تھا، اس وقت تک فرح اور توقیر کے دل مل چکے تھے جس کا علم اقبال حسین کو بھی تھا۔
دراصل فرح سعدیہ اور توقیر احمد کی ملاقات اے ٹی وی کے مارننگ شو پر ہوئی تھی جس میں وہ بطور ایک امریکہ پلٹ شیف کے حصہ لینے آئے تھے۔ پھر بات چل نکلی اور دور تلک گئی۔ فرح کے قریبی ذرائع کہتے ہیں کہ ایسا نہیں کہ ان کے لئے ”سنگل مدر“ کی حیثیت سے گھر چلانا اور بچوں کو پالنا مشکل تھا، یہ زندگی کم از کم اس کٹھن زندگی سے تو بہتر ہی تھی جو انھوں نے اقبال حسین کے ساتھ گزاری تھی۔
اقبال سے طلاق کے بعد وہ ایک عجیب دوراہے پر کھڑی تھیں، ٹھیک ہے اقبال ان کے بچوں کا باپ تھا مگر ان کی زندگی تو خالی تھی اور پھر چاہے جانے کی خواہش کس عورت کو نہیں ہوتی؟ جو لوگ فرح کو قریب سے جانتے ہیں، وہ بھی گواہی دیں گے کہ وہ حساس ہونے کے ساتھ ساتھ کافی رومانٹک بھی ہیں۔ اقبال حسین کو بھی وہ بے انتہا چاہتی تھیں بلکہ علیحدگی کے وقت تو ان کے دو بچوں کی ماں بھی تھیں۔ تاہم، اس کی علیحدگی کی وجہ کچھ بھی رہی ہو؟ یہ بات طے ہے کہ اس کے بعد بھی فرح نے اقبال کو کبھی بھلایا نہیں۔ آپ ان کے سبھی انٹرویوز اٹھا کر دیکھ لیں، اقبال کے ذکر پر وہ اکثر رو دیتی تھیں۔ طلاق کے بعد ان کے دونوں بیٹے ابھی چھوٹے تھے اور تنہا جینے سے وہ تھک چکی تھیں۔ ان مشکلات کا ذکر انہوں نے کچھ عرصہ پہلے اپنی ٹویٹ میں بھی کیا تھا لیکن پھر بھی ان کے فینز کا یہ خیال تھا کہ فرح اپنے سابق شوہر کی طرح دوسری شادی کی حماقت نہیں کریں گی۔ مگر فرح ایک سمارٹ کھلاڑی نکلیں، ایک طرف ”سنگل مدر“ ہونے کا ڈھونگ رچاتی رہیں اور دوسری طرف چپکے چپکے شادی کے لڈو بھی کھاتی رہیں۔ شادی بھی انھوں نے کسی عام آدمی سے نہیں بلکہ امریکی پلٹ اپنی ہی جٹ برادری کے بندے سے کی اور وہ بھی ”لو میرج“ ۔
ادھیڑ عمر توقیر احمد، امریکہ کی مختلف یونیورسٹیز سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد ہاشوانی گروپ کے مختلف ہوٹلز میں کام کرتے رہے ہیں، تاہم ان کی مستقل رہائش امریکہ میں ہی تھی جہاں وہ دیس پردیس ریسٹورنٹس کی ایک چین چلا رہے ہیں۔ ان کے بچے وہیں رہتے ہیں۔
چونکہ توقیر کو کوکنگ کا شوق تھا اور ان کا پروفیشن بھی یہی تھا، لہذا جب 1999 میں یہ پاکستان آئے تو انھوں نے اے ٹی وی جوائن کر لیا۔ فرح بھی اسی چینل میں مارننگ شو کیا کرتی تھیں، بقول توقیر احمد، 2012 میں فرح نے انھیں اپنے شو میں انوائیٹ کیا۔ یہ فرح کی اقبال حسین سے طلاق کے ایک سال پہلے کی بات ہے، کچھ لوگوں کا تو یہ بھی کہنا ہے کہ طلاق کی ایک وجہ توقیر کی فرح میں بڑھتی ہوئی دلچسپی بھی تھی۔اسی شو میں توقیر کو پتا چلا کہ فرح ان ہی کے علاقے گوجرہ سے تعلق رکھتی ہیں، یوں دونوں کی انڈرسٹینڈنگ ہوئی۔
اپنی پہلی فیملی امریکہ میں ہونے کے باوجود توقیر کا زیادہ وقت فرح اور ان کے بچوں کے ساتھ پاکستان میں گزرنے لگا۔ فرح کے بچے بھی توقیر سے مانوس ہو چکے تھے، البتہ فرح کے سابق شوہر اقبال حسین سے توقیر کبھی نہیں ملے، کیوں کہ وہ اپنے بچوں کو ملنے بہت کم آتے تھے اور زیادہ ٹائم بشریٰ انصاری کو ہی دیتے تھے چاہے وہ لاہور میں ہوں یا کراچی میں۔ فرح ہی کے گھر ان دونوں کا نکاح ہوا، فرح جانتی تھیں کہ توقیر دو بچوں کے باپ ہیں۔ لیکن پھر بھی ان سے شادی کا فیصلہ کرلیا۔
تاہم فرح اس شادی کو خفیہ رکھنا چاہتی تھیں جس کی توقیر احمد کو بالکل بھی سمجھ نہ آئی اور اسی معاملے پر دونوں میں اختلاف شروع ہوگیا۔ اس دوران انکی شادی کے بارے میں ان کے رشتہ داروں، دوستوں حتیٰ کہ میڈیا کے لوگوں کو بھی پتہ چل گیا لیکن فرح اس شادی کو پبلک کرنے کے لئے تیار نہیں تھیں۔
چنانچہ توقیر احمد اہنی بیوی کے اس رویئے سے پریشان رہنے لگے، اب دونوں میں بات بات پر بحث ہوتی، فرح تو شاید اس شادی پر پچھتانے بھی لگی تھیں۔ ظاہر ہے شیف ہونے کے ناطے توقیر احمد میں اقبال حسین والا دانشورانہ ٹچ تو نہیں تھا جسے وہ مس کرتی تھیں اور جس وجہ سے بشری انصاری نے اقبال حسین کو اپنا جیون ساتھی بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔
اسی دوران توقیر اپنی فیملی کے پاس امریکہ چلے گئے، تقریباً اڑھائی سال وہ وہیں رہے، البتہ پاکستان آنا جانا لگا رہا۔ اسی دوران ان کی پہلی بیوی کا امریکہ میں انتقال ہوگیا۔ توقیر نے دوبارہ فرح سے بات کی کہ اب تو ہم اپنی شادی پبلک کر سکتے ہیں۔ لیکن فرح کا وہی پرانا موقف تھا۔ وہ اس شادی کو خفیہ رکھنا چاہتی تھیں۔
توقیر کو سمجھ نہیں آرہا تھا کہ جب انکی شادی بھی عام شادیوں کی طرح رضامندی سے ہوئی تھی اور فرح کے خاندان والوں نے بھی اس میں شرکت کی تھی تو فرح آخر اسے کیوں چھپانا چاہتی ہیں؟ کیا اس کی وجہ یہ ہے کہ انھیں اپنی ”فین فالونگ“ کم ہونے کا خوف ہے؟
لیکن دوسری طرف کہنے والے کہتے ہیں کہ فرح نے جذبات میں بہہ کر دوسری شادی تو کر لی لیکن بعد میں احساس ہوا ہو کہ وہ غلطی کر بیٹھی ہیں۔ ویسے بھی اقبال کی بشری سے شادی کے بعد لوگوں کی جو ہمدردیاں فرح سمیٹ رہی تھیں، وہ ان کے ساتھ نہیں رہیں۔ یہ بھی کہا جا رہا یے کہ انھیں توقیر کا ساتھ کھٹکنے لگا تھا اور وہ گلے میں پڑے اس ڈھول سے پیچھا چھڑوانا چاہتی تھیں۔ ویسے بھی توقیر روایتی مردوں کی طرح ان کی پرسنل زندگی میں دخل دینے لگے تھے۔
خیر جب توقیر احمد کو فرح کی اس بے قدری سے اپنی ہتک محسوس ہوئی تو وہ میڈیا کے سامنے پھٹ پڑے اور فرح کے ساتھ اپنی خفیہ شادی اور پھر علیحدگی کی خبر لیک کر دی۔اس وقت بظاہر فرح اور انکے دوسرے شوہر میں علیحدگی ہے لیکن فرح کے قریبی لوگوں کا خیال ہے کہ دونوں کے مابین اب کسی قسم کا کوئی تعلق باقی نہیں ہے اور معاملہ جلد طلاق کی طرف چلا جائے گا۔
