فنکار برادری بھی عمران کے حق اور مخالفت میں آمنے سامنے

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران کی وزارت عظمیٰ سے تحریک عدم اعتماد کے ذریعے فراغت کے بعد ملک میں سیاسی تقسیم اتنی بڑھ چکی ہے کہ اس کے اثرات اب فنکار برادری پر بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں ۔ سوشل میڈیا پر ایک طرف اداکار شان شاہد ، ماہرہ خان اور صبا قمر عمران خان کی حمایت کرتے نظر آئے تو دوسری طرف اداکارہ ریشم اور گلوکار وارث بیگ مسلم لیگ نواز کے گن گاتے دکھائی دئیے۔اب حال ہی میں پاکستانی شو بز انڈسٹری کے ایک اور بڑے اداکار عدنان صدیقی بھی گذشتہ دنوں لندن میں نواز شریف سے ملاقات کی جس کی تفصیلات سوشل میڈیا پر وائرل ہیں ۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں عمران خان کی حکومت ختم ہوئی تو ان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا، ان مظاہروں میں عام شہریوں کے ساتھ متعدد اداکاروں اور گلوکاروں کی موجودگی بھی نظر آئی، جو احتجاج میں شریک نہ ہوئے تاہم سوشل میڈیا پر اپنے پیغامات کے ذریعے پی ٹی آئی کی حمایت کی ۔ دوسری طرف مسلم لیگ نواز اور ان کے اتحادیوں کے لئے دل میں نرم گوشہ رکھنے والے فنکار اَور کھلاڑی بھی پیچھے نہیں رہے ،گلوکار وارث بیگ اور اداکارہ ریشم کے ساتھ ساتھ کرکٹرز کامران اکمل اور شاہد آفریدی نے بھی وزیر اعظم منتخب ہونے پر شہباز شریف کو مبارک باد پیش کی ۔
اداکار عدنان صدیقی بھی گذشتہ دنوں لندن میں نواز شریف سے ملاقات کرتے نظر آئے۔سابق وزیراعظم سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عدنان صدیقی نے کہا کہ بہت زبردست میٹنگ رہی، میں اپنی فلم کے حوالے سے آیا تھا، ادھر ہم اپنی پروموشن کر رہے ہیں تو ان کو مدعو کرنے کے لیے آیا تھا کہ ہماری فلم آ کر دیکھئے، ہم نے بڑی محنت کی ہے۔
عدنان صدیقی کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے انہیں بتایا کہ ہم آپ کی برادری کے لیے بھی بہت کچھ سوچ رہے ہیں اور فلم پالیسی کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی، اس ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر عدنان صدیقی کا نام پاکستان میں ٹاپ ٹرینڈ میں سے ایک ہے اور صارفین بھی اس پر تبصرے کر رہے ہیں جس میں طنز و مزاح کا رنگ غالب نظر آتا ہے۔
میاں داؤد نامی صارف نے عدنان صدیقی اور نواز شریف کی تصویر شیئر کرتے ہوئے پی ٹی آئی پر طنز کیا کہ امریکی سازش کا ایک اور ثبوت۔ پاکستان کے معروف اداکار عدنان صدیقی کی امریکی صدر جو بائیڈن کے کہنے پر نواز شریف سے ملاقات، اسی تصویر کو سیٹھ عبداللہ نامی صارف نے بھی شیئر کیا اور لکھا کہ ان میں سے ایک عظیم اداکار ہے اور دوسرے عدنان صدیقی ہیں۔
زہرہ لیاقت نامی صارف نے ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی کے مشہور ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ کا ایک کلپ شیئر کیا اور پی ٹی آئی کے حامیوں کا ری ایکشن مزاح کے طور پر ظاہر کرنے کی کوشش کی، اس ویڈیو میں ہمایوں سعید عدنان صدیقی کو تھپڑ مار رہے تھے۔
ایسا نہیں کہ عدنان صدیقی عمران خان کو پسند نہیں کرتے یا ان کے مخالف ہیں، پی ٹی آئی کی حکومت جانے سے قبل مارچ کے ماہ میں ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ عمران خان ایک عوامی لیڈر ہیں، ان کے لیے لوگوں کی محبت اس بات کا ثبوت ہے، پاکستان کی خاطر انہیں ہٹانے سے بہتر ہے کہ مدت پوری کرنے دی جائے۔
