فواد چوہدری کا مفتی منیب سے معافی کا مطالبہ

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے رویت ہلال کمیٹی سے معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صفر کے مہینے کےلیے جاری تصاویر سے چاند کی شہادت دیکھی جاسکتی ہے، رویت ہلال کمیٹی نے ماہ صفر کی غلط اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ اگر دوربین سے چاند دیکھنا غلط ہے تو عینک کا استعمال کرنا بھی غلط ہے۔
گزشتہ ہفتے 29ستمبر کو چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمٰن کی زیرصدارت اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ڈویژنل کمیٹیوں سے شہادتیں اکٹھی کیں شہادتوں کی روشنی میں مفتی منیب الرحمٰن نے بتایا تھا کہ صفرکا چاند نظر نہیں آیا ہے۔ یکم صفرالمظفر یکم اکتوبربروز منگل کو ہوگی ۔
تاہم فواد چوہدری نے اسے غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ عقل اور شعور رکھنے والا طبقہ بات سمجھ سکتا ہے جب کہ ملک کا ایک طبقہ ایسا بھی ہے جس سے بات ہی نہیں کی جاسکتی ہے۔ خیال رہے ماہر فلکیات نے چوبیس ستمبر کو صفرالمظفر کا چاند 30 ستمبر بمطابق 30محرم الحرام بروز پیر کو نظر آنے کی پیشگوئی کی تھی۔ جس کے مطابق محرم کا رواں مہینہ 30 ایام پر مشتمل ہوگا اور یکم صفرالمظفر یکم اکتوبر بروز منگل کو ہوگی جب کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی بنائی گئی ایپ کے مطابق چاند کی پیدائش 29 ستمبر کو ہوگئی تھی اور اس کے تصویری ثبوت بھی فراہم کیے گئے تھے۔ اب فواد چوہدری نے رویت ہلال کمیٹی سے ماہ صفر کی غلط اطلاع دینے پر معافی مانگے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
