فیروز خان اور اہلیہ کے مابین بچوں کا کفالت کا مسئلہ لٹک گیا

اداکار فیروز خان اور انکی اہلیہ علیزے سلطان کے مابین دونوں بچوں کی کفالت کا مسئلہ حل نہیں ہو پایا چونکہ علیزے نے بچوں کے لیے ماہانہ دو لاکھ روپے طلب کیے تھے لیکن فیروز نے اس رقم کو اپنی مالی حیثیت سے زائد قرار دیتے ہوئے محض 20 ہزار روپے ماہانہ ادا کرنے پر رضا مندی ظاہر کی۔ فیروز خان کے وکیل کا کہنا ہے کہ ان کے موکل فی الحال مالی طور پر مستحکم نہیں ہیں اور وہ بچوں کی کفالت کے لیے مانگی گئی رقم نہیں دے سکتے، یاد رہے کہ طلاق کے بعد فیروز خان کی جانب سے بچوں کی حوالگی کے لیے عدالت سے رجوع کیا گیا تھا جبکہ علیزے سلطان نے بچوں کا نان نفقہ پورا کرنے کے لیے فیروز خان کے خلاف فیملی کورٹ لاہور میں کیس دائر کر رکھا ہے۔
اگلے روز کراچی کی مقامی عدالت میں دونوں فریقین کی درخواست پر دوبارہ سماعت ہوئی جس میں عدالت نے دونوں فریقین کو بچوں کی کفالت کے لیے ماہانہ اخراجات برداشت کرنے پر باہمی رضامندی سے فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیروز خان کے وکیل نے کہا کہ فیروز فی الحال سابقہ اہلیہ علیزے سلطان کی جانب سے بچوں کے لیے مانگی گئی نان نفقہ کی رقم ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ فیروز خان نے رواں برس مارچ میں شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے مذہبی تعلیمات پر زندگی گزارنے کا اعلان کیا تھا، دونوں کے درمیان علیحدگی کی خبریں کافی عرصہ تک سوشل میڈیا پر وائرل رہیں جس کے بعد رواں سال ستمبر میں دونوں کی جانب سے علیحدگی کی باقاعدہ تصدیق کر دی گئی تھی، دونوں کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔ تاہم علیزے نے فیروز خان پر جسمانی تشدد کے الزامات عائد کرتے ہوئے ان سے طلاق حاصل کر لی تھی۔
