فیروزخان کی بہنیں حمیمہ اور دعا تنقید کی زد میں کیوں؟


سابقہ بیوی کو تشدد کا نشانہ بنانے پر اداکار فیروز خان پر ہونے والی تنقید کا سلسلہ اب طویل ہوتا ہوا ان کی بہنوں اداکارہ حمیمہ ملک اور دعا ملک تک پہنچ گیا ہے، اداکارہ و ماڈل سونیا مشال اور ماڈل فائزہ عاشق نے تشدد پر علیزے سلطان کی حمایت نہ کرنے پر حمیمہ ملک اور دعا ملک کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ سونیا مشال اور فائزہ نے اداکارہ حمیمہ ملک اور دعا ملک کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں بے حس قرار دے دیا، حمیمہ اور دعا ملک فیروز خان کی بہنیں ہیں اور وہ ماضی میں دوسری خواتین پر ہونے والے تشدد پر کھل کر بات کرتی آئی ہیں۔ حمیمہ اور دعا ملک کے بھائی اداکار فیروز خان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی سابق بیوی علیزے سلطان کو متعدد بار تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے ان کے جسم پر نشان پڑگئے۔

علیزے پر تشدد کی تصاویر سامنے آنے پر متعدد شوبز شخصیات نے ان کی حمایت کرتے ہوئے فیروز خان پر پابندی کا مطالبہ بھی کیا،یہی نہیں بلکہ اقرا عزیز نے فیروز کے ساتھ منصوبوں سے دستبرداری بھی اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اب مشال اور فائزہ نے فیروز خان کے بجائے ان کی بہنوں اداکارہ حمیمہ اور دعا ملک کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں بے حس قرار دیا ہے۔

سونیا مشال نے اپنی انسٹا گرام سٹوری میں حمیمہ اور دعا ملک سمیت ان کی والدہ کو بھی اڑے ہاتھوں لیا اور لکھا کہ انہوں نے اپنی بھابھی پر ظلم ہوتے ہوئے دیکھا ہوگا لیکن ان کے لیے کچھ نہیں بول رہی ہیں۔ سونیا مشال نے اس بات پر بھی تعجب کا اظہار کیا کہ خواتین آخر دوسری عورت کی مدد کیوں نہیں کرتیں؟ انہوں نے فیروز خان کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان کے مذہبی ہونے پر بھی تنقید کی اور لکھا کہ انہیں یقین نہیں آ رہا کہ خود کو پڑھا لکھا اور مذہبی شخص قرار دینے والا اس حد تک جا سکتا ہے۔

اداکارہ نے لکھا کہ فیروز خان کہتے ہیں کہ وہ کسی شیخ کی رہنمائی میں ہیں لیکن ان کے کام ایک بزدل شخص والے ہیں، انہوں نے دعا ملک کو بے حس قرار دیتے ہوئے ان سے سوال کیا کہ کیا اب انہیں خدا کو منہ نہیں دکھانا اور کیوں انہوں نے مذہب کا اپنا ہی مفہوم نکال رکھا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ڈراموں میں تشدد کو رومانوی انداز میں دکھانے کا نتیجہ اب سامنے آ رہا ہے۔

خیال رہے کہ فیروز خان کی سابق اہلیہ علیزے سلطان پر تشدد کی تصاویر چند دن قبل وائرل ہوئی تھیں، جنہیں انہوں نے عدالت میں جمع کروایا تھا، علیزے سلطان نے بچوں کی حوالگی سے متعلق کیس میں فیروز خان کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے شواہد پیش کیے تھے، جس کے بعد ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئی تھیں۔ علیزے کی تشدد کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد متعدد شوبز شخصیات نے فیروز خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا، شوبز شخصیات سمیت عام لوگوں کی جانب سے بھی الزامات کی بھرمار کے بعد فیروز خان نے بھی وضاحت دیتے ہوئے سابق بیوی پر تشدد کے الزامات کو من گھڑت قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ الزام تراشی کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔

Back to top button