فیس بک کی ’’میٹا‘‘ کمپنی نے تہلکہ خیز ٹول متعارف کروا دیا

فیس بک کی سابقہ کمپنی میٹا نے ٹیکنالوجی کی دنیا میں تہلکہ مچاتے ہوئے ازخود ویڈیو بنانے والی ٹیکنالوجی تیار کر لی ہے، جو صرف تحریری ہدایات ملنے کے بعد مطلوبہ ویڈیو کو تیار کرلے گی۔ فیس بک نے مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے میک اے ویڈیو‘ نامی ایک ایسا آن لائن ٹول تیار کر لیا ہے، جس کی مدد سے کوئی بھی اپنی پسندیدہ ویڈیو بنا سکے گا اور کیمروں کی ضرورت نہیں رہے گی، آن لائن ٹول پر لوگ اپنی پسند کی ویڈیو بنانے کے لیے تحریری ہدایات پوسٹ کرنے کے بعد صرف بٹن کو کلک کر کے ویڈیو بنا سکیں گے۔
میک اے ویڈیو ٹول کے ذریعے صارفین تحریر لکھ کر بتائیں گے کہ وہ کس طرح کی ویڈیو کیسے پس منظر کے ساتھ چاہتے ہیں اور اسکا مرکزی کردار کیا ہوگا؟ اس کے بعد وہ پوسٹ کے بٹن کو کلک کریں گے اور مصنوعی ذہانت کا سسٹم ان کی ویڈیو بنا کر انہیں پیش کرے گا۔ مثال کے طور پر کوئی شخص اگر کسی بلی کو ریمورٹ کنٹرول کے ذریعے ٹی وی چلاتے ہوئے دیکھنے کی ویڈیو بنانا چاہتا ہے تو اسے صرف انگریزی میں اتنا لکھنا ہوگا کہ سیاہ رنگ کی بلی کرسی پر بیٹھ کر ریمورٹ کنٹرول کے ذریعے ٹی وی چلا رہی ہے۔ میک اے ویڈیو سسٹم اسی تحریر کے مطابق ویڈیو بنا ڈالے گا۔ اس فیچر میں صارفین کو اپنی پسند کی تصاویر بھی شامل کروانے کا اختیار حاصل ہوگا، وہ اپنی مرضی کا پس منظر یا ارد گرد کی چیزوں سے متعلق بھی تحریری ہدایات دے سکیں گے، یعنی کوئی شخص اگر کسی دوڑتے ہوئے لڑکے کی ویڈیو بنانا چاہے گا تو اسے تحریری طور پر بتانا ہوگا کہ لڑکے کی روڈ پر بھاگنے کی ویڈیو بنائی جائے اور اس کے آگے پیچھے کاریں ہونی چاہئیں، لڑکے نے پینٹ شرٹ پہنی ہوئی ہے، آنکھوں پر چشمہ ہو، پیروں میں جاگرز ہوں اور بالوں کا رنگ سنہری ہو، یہ سب تحریری ہدایات سسٹم میں شامل کرنے کے بعد پوسٹ کے بٹن کو کلک کرنے کے کچھ دیر بعد صارف کو مصنوعی ذہانت سے تیار کی گئی ویڈیو پیش کر دی جائے گی۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ٹول ابھی صرف تیار کیا گیا ہے، اس پر اندرونی طور پر آزمائش جاری ہے مگر اسے عام افراد کی آزمائش کے لیے پیش نہیں کیا گیا اور اسے عام صارفین کی آزمائش کے لیے پیش کرنے میں ابھی چند سال لگ سکتے ہیں۔
