پاکستان نے 34 سال بعد آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز2-1 جیت لی

پاکستان نے ہوم گرائونڈ پر 34 سال بعد تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کرون ڈے سیریز 2-1جیت لی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے تیسرے ون ڈے میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی، تاہم آسٹریلوی ٹیم 41.5 اوورز میں 210 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی تھی،
ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے کا آغاز پر اعتماد رہا، اوپنر فخر زمان کے جلد آؤٹ ہوجانے کے بعد امام الحق اور کپتان بابراعظم نے ذمہ دارنہ اننگز کھیلی، دونوں بلےبازوں کے مابین 190 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی، کپتان بابراعظم نے سینچری اسکور کرتے ہوئے 12 چوکوں کی مدد سے 105 رنز بنائے جبکہ امام الحق نے 85 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی جانب پاکستان کی واحد وکٹ نتھین ایلس نے حاصل کی۔
قبل ازیں آسٹریلوی ٹیم نے ایلکس کیری 56، کیمرون گرین 34، شان ایبٹ نے 47 رنز کی اننگز کی بدولت کینگروز کی ٹیم 210 رنز تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھی۔پاکستانی ٹیم کی جانب سے محمد وسیم جونئیر نے 3، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف نے دو دو جبکہ زاہد محمود اور افتخار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
پاکستانی سکواڈ میں امام الحق، فخر زماں، کپتان بابراعظم، محمد رضوان، خوشدل شاہ، افتخار احمد، آصف علی، وسیم جونیئر، شاہین آفریدی، زاہد محمود اور حارث رؤف شامل ہیں جبکہ آسٹریلوی سکواڈ میں کپتان ایرون فنچ، ٹریوس ہیڈ، بین میکڈرمٹ، مارنوس لابوشین، مارکوس اسٹوئنس، کیمرون گرین، ایلکس کیری، شان ایبٹ، نتھن ایلس، ایڈم زمپا اور جیسن بہرینڈوف شامل تھے۔

Back to top button