فیصل ایدھی کا کرونا ٹیسٹ دوبارہ مثبت آگیا

دنیا کے معروف ترین سماجی کارکن مرحوم عبدالستار ایدھی کے صاحبزادے اور ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ دوبارہ مثبت آگیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور وہ خود سے آئیسولیشن میں چلے گئے تھے۔
جس کے بعد 27 اپریل کو ٹیسٹ کے لیے ان کے دوبارہ نمونے لیے گئے۔بعد ازاں آج ان کے ٹیسٹ کی رپورٹ سامنے آگئی، جس میں فیصل ایدھی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ دوبارہ مثبت آگیا۔
ادھر سربراہ ایدھی فاؤنڈیشن فیصل ایدھی نےبتایا کہ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسر (پمز) میں ان کا دوسرا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا۔انہوں نے بتایا کہ وہ اسلام آباد میں سیلف آئیسولیشن میں ہیں اور وہ بہتر محسوس کر رہے ہیں تاہم انہیں سانس لینے میں تھوڑی مشکل کا سامنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹرز نے انہیں کہا ہے کہ ان میں نمونیا کی تشخیص ہوئی ہے، تاہم ڈاکٹروں کے مطابق یہ معمولی مسئلہ ہے اور وہ 10 روز میں ٹھیک ہوجائیں گے۔فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے سمیت 5 افراد کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا جو منفی آیا۔ والنٹیئر، ڈرائیور اور اسلام آباد کے ایدھی سینٹر کے انچارج کا بھی ٹیسٹ کروایا گیا ہے اور ان تمام افراد کا ٹیسٹ نیگیٹو آیا ہے۔ایدھی حکام کا مزید کہنا ہے کہ ہم دیکھ رہے ہیں فیصل ایدھی کی ملاقات کن کن افراد سے ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ 21 اپریل کو اسلام آباد میں فیصل ایدھی کے کورونا ٹیسٹ کے مثبت آنے کی تصدیق ہوئی تھی۔فیصل ایدھی کے صاحبزادے سعد ایدھی نےبتایا تھا کہ اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے ایک روز بعد فیصل ایدھی میں وائرس کی علامات ظاہر ہوئی تھیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ علامات 4 دن تک جاری رہیں اور پھر کم ہوگئیں تاہم بعد ازاں ان کا ٹیسٹ کیا گیا تھا جو مثبت آیا۔
یاد رہے کہ فیصل ایدھی نے ٹیسٹ مثبت آنے سے چند روز قبل وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کر کے انہیں کورونا ریلیف فنڈ میں ایک کروڑ روپے کا عطیہ دیا تھا۔بعدازاں وزیراعظم عمران خان کے معالج ڈاکٹر فیصل سلطان کی تجویز پر وزیراعٖظم کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا تھا جس کا نتیجہ منفی آیا۔
یاد رہے کہ اس وقت ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 15 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ 335 افراد اس عالمی وبا سے انتقال بھی کرچکے ہیں۔
ایدھی فاؤنڈیشن دہائیوں سے لوگوں کی خدمت میں پیش پیش ہے، خاص طور پر ایدھی فاؤنڈیشن ہمیشہ ایسے موقع پر آگے رہی ہے جب حکومتی سروسز عوام کو خدمات پہنچانے میں ناکام رہتی ہیں۔ایدھی فاؤنڈیشن پاکستان کی سب سے بڑی ایمبولنس سروس ہی نہیں چلاتی بلکہ ایدھی فاؤنڈیشن کے زیر انتظام مختلف شیلٹر ہاؤسز، اولڈ ہومز، یتیم خانے، مردہ خانے اور دیگر فلاحی کام بھی جاری ہیں۔ملک میں جاری اس کورونا وائرس کی وبا کے دوران بھی ایدھی فاؤنڈیشن امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی اور انہوں نے اپنے اسٹاف کے درجنوں کارکنوں کو مشتبہ مریض کے ساتھ کس طرح پیش آنا ہے اس کی تربیت بھی فراہم کی ہے۔خیال رہے کہ ایدھی فاؤنڈیشن کی بنیاد اس کے مرحوم بانی عبدالستار ایدھی نے رکھی تھی اور اس کے آپریشن ملک بھر میں جاری ہیں۔سال 2016 میں عبدالستار ایدھی کے انتقال کے بعد سے فیصل ایدھی اس فاؤنڈیشن کی باگ دوڑ سنبھالے ہوئے ہیں تاہم فاؤنڈیشن کی عطیات اور فنڈز میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button