فیصل کپاڈیا نے ’اسٹرنگز’ کا 33 سالہ سفر ختم کرنے کی وجہ بتادی
پاکستان کے معروف بینڈ ‘اسٹرنگز’ کا 33 سالہ سفر ختم کرنے کے اعلان کے 4 ماہ بعد بالآخر فیصل کپاڈیا نے اس فیصلے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ اب ہمیں اپنا زیادہ وقت اپنے اہلخانہ کے ساتھ گزارنے کی ضرورت ہے۔
فیصل کپاڈیا نے اس انکشاف کے علاوہ دیگر دلچسپ تفصیلات بھی بیان کی ہیں اسٹرنگز کے بعد اب مستقبل کے حوالے سے ان کے کیا ارادے ہیں۔
خیال رہے کہ رواں برس 25 مارچ کو جب فیصل کپاڈیا اور بلال مقصود نے اسٹرنگز کا موسیقی کا سفر اختتام کو پہنچنے کو اعلان کیا تھا تو موسیقی کے دیوانوں کی جانب سے دکھ کا اظہار کیا گیا تھا۔
اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا تھا کہ ‘گزشتہ 33 سال ہم دونوں کے لیے بہترین رہے، اس طرح کام کرنے کے مواقع بہت کم ملتے ہیں اور ہم اپنے مداحوں کے انتہائی شکر گزار ہیں جنہوں نے یہ ممکن بنایا، امید ہے کہ وہ اس فیصلے کی بھی قدر کریں گے’۔
مذکورہ اعلان کے بعد سے دونوں کی جانب اس فیصلے کی اصل وجوہات نہیں بتائی گئی تھیں لیکن حال ہی میں دی ایم جے شو ویڈیو پوڈ کاسٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں فیصل کپاڈیا نے اس فیصلے کی وجہ بتادی۔
میزبان میہیر جوشی سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کپاڈیا نے کہا کہ اسٹرنگز کا سفر ختم کرنے کا فیصلہ ان دونوں کے ذہن میں اس وقت سے موجود تھا جب وہ اور بلال مقصود 2017 اور 2018 کے درمیان اپنی فائنل ایلبم 30 پر کام کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم یہ سوچ رہے تھے کہ 30 ایلبم کے بعد ہم کیا کرنے جارہے ہیں، دیکھیں اسٹرنگز جاری رہ سکتا تھا کہ ہم 70 سال کے ہوجاتے ہیں اور اسٹرنگز اب بھی ہمارا ہے کیونکہ یہ ہماری محبت ہے اور ہم نے اس کے ساتھ زندگی جی ہے لیکن ہم بینڈ کی جانب اس طرح دیکھ رہے تھے کہ جب آپ نے واقعی ایک اچھی زندگی گزاری ہو اور یہ سوچنا شروع کردیں اسے اچھے موڑ پر ختم کرنا ہی بہتر ہے’۔
فیصل کپاڈیا نے انکشاف کیا یہ سفر ختم کرنے کا اس سے بہتر وقت پر نہیں آسکتا تھا، ہم نے بہت اچھے اور حیرت انگیز سال گزارے۔