فیفا نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی رکنیت معطل کردی

فٹبال کی عالمی تنظیم ‘فیفا’ نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی رکنیت معطل کر دی۔
فیفا کے جاری بیان کے مطابق عالمی تنظیم کی کونسل نے یہ قدم پاکستان میں دو فٹ بال ایسوسی ایشن کے درمیان جاری تنازع کی وجہ سے اٹھایا۔علاوہ ازیں بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کی معطلی کی وجہ پی ایف ایف ہیڈ کوارٹر پر قبضہ بنی اور پاکستان فٹبال فیڈریشن نارملازیشن کمیٹی کو اختیارات کی واپسی تک پاکستان کی رکنیت معطل رہے گی۔
علاوہ ازیں فیفا نے افریقی ملک چاڈ کی فٹ بال ایسوسی ایشن (ایف ٹی ایف اے) کی رکنیت بھی معطل کردی۔فیفا کے جاری بیان کے مطابق فیفا کی بیورو کونسل نے یہ فیصلہ چاڈ کی فٹ بال ایسوسی ایشن (ایف ٹی ایف اے) کے معاملات میں حکومت کی مداخلت پر کیا ہے اور اس کا اطلاق فوری ہوگا۔
فیفا کا مزید کہنا تھا کہ چاڈ کی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ حال ہی میں یہاں کے حکومتی حکام کی جانب سے ‘ایف ٹی ایف کے’ کے اختیارات مکمل طور پر ختم کرنے کے اعلان کے بعد کیا گیا، مذکورہ اعلان کی روشنی میں نیشنل کمیٹی کو فٹ بال ایسوسی ایشن کے معاملات عارضی طور پر سونپ دیئے گئے ہیں جبکہ ایف ٹی ایف اے کی عمارت کا کنٹرول بھی کمیٹی کے حوالے کردیا گیا۔
فٹ بال کی عالمی تنظیم کے مطابق چاڈ کی فٹ بال ایسوسی ایشن کی رکینیت اس وقت تک معطل رہے گی جب تک مقامی حکومت یہ اعلان نہ کردے کہ ایف ٹی ایف اے کو صدر موختر محمود حامد کی صدارت میں دوبارہ بحال کردیا گیا ہے اور وہ فیفا کو اس حوالے سے آگاہ کریں گے کہ ان کو ایف ٹی ایف اے کی عمارت کا کنٹرول دوبارہ سونپ دیا گیا ہے۔
