قدیم مصر سے مینڈھوں کے 2000 حنوط شدہ سر برآمد

قدیم مصر کی دریافتیں آج بھی ہمیں حیران کرتی رہتی ہیں اور اب کچھ دنوں قبل مصر کے آثار سے حنوط شدہ مینڈھوں کے 2000 سے زائد سر ایک ہی مقام سے برآمد ہوئے ہیں جو اپنی نوعیت کی ایک دلچسپ دریافت بھی ہے۔
امریکی آثارِ قدیمہ کے ماہرین اور نیویارک یونیورسٹی کے اسکالر ایک عرصے سے ایبیڈوس میں بادشاہ رعمیس دوم کے مقبرے میں کھدائی کررہے ہیں۔ یہ مقبرہ سوہاگ شہر میں واقع ہے جو بالائی مصر کا مشہور علاقہ بھی ہے۔ تاہم یہ مصری عہد کا چھٹا دور یا عہدِ سلطنت تھا اور اسی مناسبت سے بطلیموسی دور بھی کہلاتا ہے۔اس دریافت کے بعد مصری شعبہ نوادروآثار کے ماہر مصطفیٰ وزیری نے اسے ایک اہم ترین دریافت قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق اس سے رعمیس دوم کی زندگی کے راز جاننے میں بھی مدد ملے گی اور خیال ہے کہ اس اہم مقبرےمیں مینڈھوں کی قربانی دی جاتی تھی یا کسی طرح مقدس سمجھ کر ان کے سروں کی ممی بنائی جاتی رہی تھیں۔
اس دریافت سے ایبیڈوس کی قدیم سلطنت پر روشنی ڈالنے میں مدد ملے گی۔
