قطر ائیرویز کے 35 پاکستانی پائلٹس کے لائسنس کی تصدیق کردی گئی

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے قطرایئرویز میں تعینات 35 پاکستانی پائلٹ کے لائسنس مصدقہ ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔سی اے اے حکام کے مطابق قطر ائرویز نے 39 پاکستانی پائلٹ کے لائسنسوں کی فہرست ارسال کی تھیں جن میں 35 پائلٹ کے لائسنس مصدقہ ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے جبکہ چار پائلٹس کے لائسنس سے متعلق رپورٹ سات دن میں مرتب کی جائے گی ۔
حکام کا کہنا ہے کہ 35 پائلٹس کے لائسنس کی تصدیق پر مبنی فہرست گزشتہ روز قطر ائیرویز کو ارسال کر دی گئی تھی۔قبل ازیں اومان کی سلام ایئر کے لیے 18 پاکستانی پائلٹس کلیئر قرار دے دیے گئے تھے۔ سول ایوی ایشن پاکستان نے پائلٹ کے لائسنس کی تصدیق اور وضاحت کے لیے کارروائی کرتے ہوئے اومان کی سلام ایئر میں کام کرنے والے 18 پاکستانی پائلٹس کو کلئیر کردیا ۔
اومان کی سول ایوی ایشن نے سلام ایئر کے پاکستانی پائلٹ کے لائسنس کی تصدیق کے لیے سول ایوی ایشن پاکستان سے درخواست کی تھی۔واضح رہے کہ پی آئی اے اس وقت اپنی ساکھ بچانے کے حوالے سے بحرانی دور سے گزر رہی ہے، یورپی یونین، امریکا اور دیگر کئی ممالک نے پائلٹس کی مشکوک ڈگری کے معاملے پر پی آئی کے پروازوں پر پابندی لگا دی ہے۔ جس کے بعد پی آئی اے کا مالی خسارہ شدید تر ہونے جا رہا ہے۔
پی آئی اے کی سیفٹی کے حالیہ معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اومانی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان کو خبردار کیا تھا کہ پی آئی اے کو ان کی فضائی حدود کے استعمال سے روکا جاسکتا ہے۔ علاوہ ازیں ذرائع نے بتایا کہ جب پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی حکومت اقتدار میں آئی تو جانچ پڑتال کا عمل تیز ہوا لیکن ہمارے پائلٹ لائسنس کبھی جعلی نہیں ہوتے، بعض اوقات صرف قانوناً درست ہونے کے مسائل ہوتے ہیں۔ امتحانات میں بے ضابطگی ہوئی تھی جس کے بعد ان پائلٹس کو فرانزک رپورٹ کی روشنی میں گراوٴنڈ کردیا گیا تھا۔ساتھ ہی ذرائع نے بتایا کہ طیارہ اڑانے والے پی آئی اے کے تمام پائلٹس کو جانچ پڑتال کے بعد کلیئر کردیا گیا تھا اور وہ سب تجربہ کار تھے۔
