قلات : سکیورٹی فورسز کا آپریشن ،بھارتی حمایت یافتہ 12 دہشتگرد ہلاک

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں کارروائی کرتے ہوئے بھارت کی سرپرستی میں سرگرم 12 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 6 دسمبر کو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر قلات میں دہشتگردوں کے ایک ٹھکانے پر آپریشن کیا گیا، جس میں فورسز نے ہدف کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد بھارت کے حمایت یافتہ 12 دہشتگرد مارے گئے۔ کارروائی کے دوران ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ دہشتگرد علاقے میں مختلف تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ باقی عناصر کی تلاش اور علاقے کی کلیئرنس کے لیے آپریشن بدستور جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششیں جاری رہیں گی تاکہ بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قلات میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عزمِ استحکام کے وژن کے مطابق فورسز دہشتگردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، اور پوری قوم اس جنگ میں افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

Back to top button