قندھار ایئرپورٹ پر راکٹ حملے، فضائی آپریشن معطل

خبر رساں ایجنسی کے مطابق قندھار ایئرپورٹ کے چیف مسعود پشتون نے بات چیت میں تصدیق کی ہے کہ ایئرپورٹ سے فلائٹ آپریشن معطل کردیا گیا ہے۔مسعود پشتون کے مطابق متاثر ہونے والے رن وے کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے اور غالب امکان ہے کہ اتوار کو کسی بھی وقت فلائٹ آپریشن بحال کردیا جائے گا۔
سول ایوی ایشن اٹھارٹی کابل کے اعلیٰ حکام نے بھی ایئرپورٹ کو راکٹوں سے نشانہ بنائے جانے اور رن وے کو نقصان پہنچنے کی تصدیق کی ہے۔قندھار شہر سے گزشتہ چند دنوں کے دوران افغان فورسز اور افغان طالبان کے درمیان ہونے والی لڑائی کے حوالے سے متعدد خبریں عالمی ذرائع ابلاغ میں آچکی ہیں۔
افغانستان کے شہر قندھار ایئرپورٹ سے فلائٹ آپریشن معطل کرنے کی خبر اس وقت سامنے آئی ہے کہ جب صوبہ ہرات کے ایئرپورٹ سے بھی فلائٹ آپریشن معطل ہو چکا ہے کیونکہ وہاں ہونے والی لڑائی نہایت شدت اختیار کرچکی ہے۔
