قومی اسمبلی کے ایجنڈے میں آئینی ترمیم کا ذکر کیوں موجود نہیں؟

قومی اسمبلی میں آج عدلیہ میں ریفارمز اور ججز کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے آئینی ترمیم پیش کی جا رہی ہے تاہم قومی اسمبلی کے جاری کردہ 6 نکاتی ایجنڈے میں ترمیم کا کوئی ذکر موجود نہیں۔ ذرائع کا دعوی ہے کہ حکومت آئینی ترمیم کی منطوری میں نمبر گیم کے حوالے سے کسی بھی شرمندگی سے بچنے کیلئے بڑے محتاط طریقے سے آگے بڑھ رہی ہے اس لئے جاری کئے گئے ایجنڈے میں تاحال ترمیم کا ذکر موجود نہیں۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اہم اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔قومی اسمبلی کا اجلاس آج ساڑھے 11 بجے طلب کیا گیا تھا جس کا 6 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا تھا تاہم اب قومی اسمبلی کے اجلاس کا وقت تبدیل کر دیا گیا ہے۔قومی اسمبلی اجلاس کا اب ساڑھے 11 بجے کے بجائے شام 4 بجے ہوگا، قومی اسمبلی اجلاس کے وقت میں تبدیلی اسپیشل پارلیمانی کمیٹی کی خصوصی سفارش پرکی گئی۔

کمیٹی نے صبح 10 بجےکی میٹنگ کے بعد اسپیکر سےکہا اہم امور پر فیصلوں کیلئے وقت درکار ہے، اسپیکر قومی اسمبلی نے کمیٹی کی درخواست پر آج کے اجلاس کا وقت تبدیل کر دیا اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس کے وقت کی تبدیلی کا نوٹس جاری کردیا۔

آج ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں وقفہ سوالات کے علاوہ 2 توجہ دلاؤ نوٹس شامل ہیں۔صدرکے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے خطاب پر اظہار تشکر بھی ایجنڈے میں شامل ہے، اس کے علاوہ اراکین کی جانب سے نقطہ اعتراضات اٹھانے کا معاملہ بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔حکومت کا مجوزہ آئینی ترامیم کا بل ضمنی ایجنڈے کے ذریعے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

Back to top button