قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلاکر واضح کیا جائے لاک ڈاؤن ہوگا یانہیں؟

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے ملک میں لاک ڈاؤن سے متعلق فیصلے اور کرونا وباء کی صورتحال کے لیے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا۔
لاہور سے جاری اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے خطاب نے قومی سلامتی کے اہم فیصلوں سے متعلق سوال اٹھادیا ہے، حکومتی حکمتِ عملی واضح کی جائے، قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلا کر واضح کیا جائے کہ لاک ڈاؤن ہوگا یا نہیں؟۔ شہباز شریف نے کہا کہ قوم کی جان بچانے کی قومی حکمت عملی بچوں کا کھیل نہیں، قوم کو شک میں ڈالنا، انتظامیہ اور عوام کے لئے مسائل پیدا کرنے والی بات ہے، کرونا ریلیف فنڈ کی ترسیل کے لئے فوری پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی جائے، صحت کی قائمہ کمیٹی کا ویڈیو لنک پر فی الفور اجلاس بلایا جائے۔
دوسری طرف شہباز شریف نے بلاول بھٹو، مولانا فضل الرحمان اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطے کئے، جس میں کورونا وائرس کے مسئلے پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا جس میں کرونا وائرس کے بعد ملکی صورت حال پر گفتگو کی گئی، دونوں رہنماؤں نے عالمی وبا پر ملکر کر قابو پانے پر اتفاق کیا۔
شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، آفتاب شیر پاؤ اور میر حاصل بزنجو سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا جس میں پارلیمینٹری ریلیف مانیٹرنگ کمیٹی کی تشکیل کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔اپوزیشن رہنماوں نے ملکی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور پر بھی بات چیت کی۔
