قومی ٹیم کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان،عامر آؤٹ، نسیم شاہ اِن

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا ہے جس میں سابق کپتان سرفراز احمد کی تنزلی ہوئی ہے جبکہ حسن علی، محمد عامر اور وہاب ریاض سینٹرل کنٹریکٹ میں جگہ نہ بنا سکے۔
پی سی بی کی جانب سے 21-2020 کے لیے اعلان کردہ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی گئی ہے اور کئی نامی گرامی کھلاڑی کنٹریکٹ میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے جبکہ چند نئے کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔نئے کنٹریکٹ میں کُل تین کیٹیگریز رکھی گئی ہیں جن میں مجموعی طور پر 18کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ دیا گیا ہے جبکہ اس کے علاوہ تین ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو بھی نوازا گیا ہے۔سینٹرل کنٹریکٹ میں نئے چہروں کی بات کی جائے تو نسیم شاہ اور افتخار احمد سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
اس نئے کنٹریکٹ میں چند نئی تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں جس کے تحت محمد عامر، وہاب ریاض اور حسن علی کو فہرست سے باہر کردیا گیا ہے جبکہ سابق کپتان سرفراز احمد ایک درجہ تنزلی کے بعد کیٹیگری اے سے کیٹیگری بی میں آ گئے ہیں۔
پی سی بی کی جانب سے کیٹیگری اے میں جن تین کھلاڑیوں کو رکھا گیا ہے ان میں دونوں کپتانوں اظہر علی اور بابر کے ساتھ ساتھ نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔شاہین شاہ آفریدی نے گزشتہ سال عامر اور واہب ریاض کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد تینوں فارمیٹس میں پاکستانی باؤلنگ لائن کا بوجھ اٹھایا اور تمام فارمیٹس میں بہترین کھیل پیش کیا جس کی بنیاد پر وہ کنٹریکٹ کی اول کیٹیگری کے حصول میں کامیاب رہے۔
گزشتہ سال کیٹیگری اے سرفراز کے ساتھ ساتھ بابر اور یاسر شاہ موجود تھے لیکن لیگ اسپنر کی کارکردگی میں زوال کو دیکھتے ہوئے ان کی تنزلی کی گئی ہے۔عابد علی، شان مسعود اور محمد رضوان ترقی کرتے ہوئے سی سے بی کیٹیگری میں شامل ہو گئے ہیں جبکہ سابق کنٹریکٹ میں بی کیٹیگری میں شامل وہاب کو فہرست سے ہی باہر کردیا گیا جس کی ممکنہ طور پر وجہ ان کی ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی ہے۔
بی کیٹیگری میں شامل 9 کھلاڑیوں میں سابق کپتان سرفراز احمد، عابد علی، اسد شفیق، حارث سہیل، محمد عباس، محمد رضوان، شاداب خان، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔
کیٹیگری سی میں جن چھ کھلاڑیوں کو رکھا گیا ہے ان میں فخر زمان، عماد وسیم، عثمان شنواری، افتخار احمد، امام الحق اور نسیم شاہ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ تین ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو بھی کنٹریکٹ دیا گیا ہے جن میں حیدر علی، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل ہیں۔
