لاک ڈاؤن میں مزید نرمی :معمولات زندگی بحال ہونا شروع

ملک بھر میں کورونا وبا میں کمی کے باعث لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کردی گئی ہے اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے فیصلوں کی روشنی میں صوبائی حکومتوں نے لاک ڈاؤن میں نرمی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔
قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) کے اجلاس میں معیشت کے مخلتف شعبہ جات کھولنے کے لیے لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کرنے کے فیصلے کے بعد ملک بھر میں 10 اگست سے ریسٹورنٹس اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں سے پابندی ہٹا دی گئی۔
یاد رہے کہ این سی سی کے اجلاس میں ریلویز، ایئرلائنز اور میٹروبسز پر بھی عائد پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ کیا تھا تاہم مسافروں کے ضروری فاصلہ لازمی قرار دیا گیا تھا۔واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 16 مارچ کو یہ پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔
این سی سی کے فیصلے کے بعد جو شعبہ جات کھول دیے گئے ہیں ان میں ریسٹورنٹس، کیفے، پبلک پارکس، تھیٹر سینما گھر، تفریحی پارکس، آرکیڈز، نمائش گاہیں اور بیوٹی پارلرز شامل ہیں۔تاہم تعلیمی ادارے اور شادی ہالز بدستور بند رہیں گے اور آئندہ ماہ کھولے جائیں گے۔
حکومت سندھ کی جانب سے 10 اگست سے متعدد شعبہ جات کھولنے کا اعلان کیا تاہم کاروباری مراکز پر سخت احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔حکومت سندھ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ وبا بدستور موجود ہے اور اگر حفاظتی اقدامات نہ اٹھائے گئے تو اس میں اضافہ ہوسکتا ہے۔سندھ کرونا ٹاسک فورس کے فیصلوں کے تحت جاری کردہ اعلامیے میں شائقین کے بغیر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔علاوہ ازیں کاروباری سرگرمیوں کے نئے اوقات کار کا اعلان بھی کیا جس کے مطابق تجارتی سرگرمیاں اب ہفتے میں 6 دن جاری رہ سکیں گی۔ اس کے ساتھ حکومت نے ایس او پیز کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کی بھی اجازت دے دی۔سندھ میں کاروباری اوقات کار ہفتے کے پانچوں روز صبح 6 بجے سے رات8 بجے تک ہوں گے جبکہ ہفتہ کے روز سندھ میں کاروباری سرگرمیاں رات 9 بجے تک جاری رہ سکیں گی۔
اسی طرح ریسٹورنٹس اور چائے خانوں کو محدود صارفین کے ساتھ صبح سے رات 10 بجے تک اپنی خدمات فراہم کرنے کی اجازت ہوگی البتہ ہفتہ کے روز رات 11 بجے تک ریسٹورنٹس کھلے رکھے جاسکتے ہیں۔اسی طرح ہفتے میں اتوار تا جمعہ صبح سے رات 10 جبکہ ہفتہ کے روز رات 11 بجے تک کھانا ٹیک اوے کیا جاسکتا ہے تاہم ہوم ڈیلیوری رات 12 بجے تک کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
دوسری جانب حکومت پنجاب نے بھی لاک ڈاؤن میں لگائی گئی پابندیوں کو بڑی حد تک نرم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر نے نوٹیفکیشن جاری کیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق شادی ہالوں کے علاوہ تمام کاروباری مراکز آج سے کھول دیے گئے ہیں تاہم تمام کاروباری مراکز ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کے پابند ہوں گے۔
اس کے ساتھ مذہبی اجتماعات متعلقہ انتظامیہ کی اجازت اور ایس او پیز پر عمل درآمد سے مشروط ہوں گے جبکہ تمام قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ بھی معمول کے مطابق چل سکے گی۔حکومت پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار اور ہفتہ وار چھٹیاں کورونا وائرس سے پہلے والے معمول کے مطابق ہوں گی۔محکمہ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے خبردار کیا کہ خطرہ ابھی ٹلا نہیں، عوام سے گزارش ہے کہ احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔
دوسری جانب صوبہ خیبرپختونخوا میں بھی 4 ماہ سے زائد عرصے سے عائد پابندیوں میں نرمی کے بعد معاشی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیاں بحال ہوگئیں۔خیبر پختونخواہ کے چیف سیکریٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے قیوم اسٹیڈیم پشاور میں ایک مرتبہ پھر کھیلوں کی سرگرمیوں کا آغاز کیا اس موقع پر کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔حکومت خیبرپختونخوا نے قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق معیشت کے شعبے کھولنے کے ساتھ ساتھ رگبی، ریسلنگ، کبڈی اور باکسنگ کے علاوہ دیگر تمام کھیلوں کی اجازت دے دی ہے۔اس ضمن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ کھیل و سیاحت سمیت جن شعبوں پر پابندیاں تھی وہ ہٹ چکی ہی۔انہوں نے کہا کہ کورونا حوالے سے وزیراعظم ن متوازن پالیسی اختیار رکھی ہے، حکومت روزگار کے مواقع بھی کھول رہی ہے اور رسک سے بھی گریز کررہی ہے اور عوام کے تعاون سے کورونا وائرس کی صورت حال میں بہتری آئی ہے۔ساتھ ہی انہوں نے ہدایت کی کہ کھلاڑی ایس او پیز کا خیال رکھیں ،حکومت نہیں چاہتی ہیں کہ دوبارہ بندشیں عائد کی جائیں۔سیکریٹری خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ وائرس ختم نہیں ہوا ہے البتہ کورونا کی شدت میں کمی آئی ہے اس لیے ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلہ کا خیال رکھا جائے۔
ملک کے دیگر حصوں کی طرح صوبہ بلوچستان میں بھی معاشی سرگرمیاں بحال کری گئیں۔اس سلسلے میں محکمہ داخلہ بلوچستان سے جاری ایک نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں تجارتی مراکز، دکانوں، آؤٹ لیٹس اور شاپنگ مالز پر عائد پابندیوں کا خاتمہ کردیا گیا ہے۔
