لاک ڈاؤن میں نرمی: کاروبار ہفتے میں 2 کی بجائے ایک دن بند رکھنے کا فیصلہ

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے عالمی وباء کورونا وائرس کی تیسری لہر کا زور ٹوٹنے پر ملک بھر میں کاروباری پابندیوں میں نرمی کردی۔ وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا، جس میں این سی اوسی نے کاروباری پابندیوں میں نرمی کردی این سی او سی کی جانب سے کاروبار 2 دن کے بجائے ایک دن بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
این سی او سی کے اجلاس میں ملک بھر میں ماس ویکسینیشن مہم کےلیے سہ جہتی حکمت عملی طے کی گئی، تمام شہریوں کی رضا کارانہ طور پر ویکسینیشن کی حکمت عملی طے کی گئی ہے۔این سی او سی اعلامیے کے مطابق تمام سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کےلیے ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی ہے، تمام سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کو 30 جون تک ویکسین لگوانا ہوگی۔ این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں ویکسینیشن مراکز 11 جون سے صبح 8 سے رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے، جمعہ کو ویکسینیشن مراکز کھلے رہیں گے البتہ اتوار کو بند رہیں گے۔ این سی او سی کے مطابق 18 سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے واک ان ویکسینیشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، 11جون سے 18 سال سے زائد عمر کے افراد واک ان (یعنی کسی بھی ویکسینیشن سینٹر پر جاکر) ویکسینیشن کروا سکیں گے۔ این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اب کاروبار ہفتے میں دو دن کے بجائے ایک دن بند ہوگا، کس دن کاروبار بند رکھنا ہے اس کا فیصلہ صوبے کریں گے۔ این سی او سی نے 50 فیصد ورک فرام ہوم کی پالیسی میں بھی نرمی کردی اب دفاتر میں 100 فیصد حاضری کے ساتھ کام جاری رکھا جاسکے گا۔ این سی او سی نے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر دو روز کی بندش ختم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، پبلک ٹرانسپورٹ میں 50فیصد مسافروں کی پابندی میں نرمی کردی گئی، پبلک ٹرانسپورٹ میں اب 70 فیصد مسافر بٹھانے کی اجازت ہوگی۔ این سی او سی کے مطابق مزارات اور سینما گھر بدستور بند رہیں گے، صرف مخصوص نان کنٹیکٹ کھیلوں کی سرگرمیوں کی اجازت ہوگی، کراٹے، باکسنگ، مکس مارشل آرٹ، رگبی، کبڈی، ریسلنگ پر پابندی برقرار رہے گی، فیسٹولز، ثقافتی اور دوسری ایسی تقریبات پر پابندی برقرار رہے گی۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کی تصدیق کا طریقہ کار جون کے آخر تک تشکیل دے دیا جائے گا، این سی او سی کے ان فیصلوں پر عملدرآمد 15جون سے ہوگا۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نےبتایا ہے کہ 1 دن میں 77 افراد کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے جن میں سے 33 مریضوں کا انتقال وینٹیلیٹر پر ہوا۔ بدھ کو این سی او سی نے بتایا ہے کہ 24 گھنٹوں میں 1 ہزار 118 نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک میں مثبت کورونا کیسز کی شرح 2.54 فیصد ہے۔ کورونا کے باعث سب سے زیادہ پنجاب میں 48 اور سندھ میں 20 اموات ہوئیں۔ خیبرپختونخوا میں 6 اموات ہوئیں جب کہ بلوچستان میں 1 اور آزاد کشمیر میں 2 اموات ہوئیں۔ کورونا سے مجموعی اموات کی تعداد 21 ہزار 453 ہوگئی ہے۔ این سی او سی نےبتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 43 ہزار 900 ٹیسٹ کئے گئے اورفعال کیسز کی تعداد44 ہزار987 ہوگئی ہے۔ کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 8 لاکھ 69 ہزار 691 ہوگئی ہے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 9 لاکھ 36 ہزار 131 ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ ملک کے 639 مختلف اسپتالوں میں 3 ہزار 280 مریض زیرِ علاج ہیں۔ اسلام آباد میں 22 فیصد، ملتان میں 54 فیصد، لاہور میں 28 فیصد، بہاولپور میں 36 فیصد وینٹیلیٹرز بھرچکے ہیں۔ کراچی میں 31 فیصد، پشاور میں 29 فیصد،گوجرانوالہ میں 29 فیصد اور ایبٹ آباد میں 31 فیصد آکسیجن بیڈز پر مریض موجود ہیں۔

Back to top button