لاک ڈاؤن میں پاکستانی فنکار کیا کر رہے ہیں؟

کرونا وائرس نے جہاں دنیا بھر میں لوگوں کی زندگیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے وہیں اس نے شوبز ستاروں کی زندگیاں بھی بدل کر رکھ دی ہیں۔ لاک ڈاؤن میں گھروں میں بند شوبز سٹارز میں سے کوئی سوشل میڈیا کے ذریعے سے کرونا وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے ہاتھ دھونے کی ترغیب دے رہا ہے تو کوئی اپنے معمولات سے مداحوں کو آگاہ کر رہا ہے، کوئی گھروں سے باہر نہ نکلنے کی تلقین کر رہا ہے تو کوئی اس مشکل وقت میں تنگدستی کے شکار افراد کی مدد کی تلقین کر رہا ہے۔ کوئی چاہنے والوں کو ورزش کرنے کے نئے نئے طریقے بتا رہا ہے تو کوئی سمارٹ رہنے کی تراکیب سے عوام کو آگاہ کر رہا ہے کوئی کھانا بنا رہا ہے تو کوئی اپنے ہمسفر کے بالوں کو سنوارنے میں مصروف دکھائی دے رہا ہے، کسی نے اس لاک ڈاون کی دوران سادگی سے شادی کر لی ہے، کوئی ٹک ٹاک پر ایکٹو ہے تو کسی نے سوشل میڈیا کا سہارا لے کر اپنے مداحوں کے ساتھ اپنا تعلق گہرا کرنے کی ٹھان لی ہے۔غرضیکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھروں میں قید شوبز سٹارز مختلف معمولات کے ذریعہ خود کو مصروف رکھنے کے ساتھ ساتھ اپنے مداحوں کو بھی انٹرٹین کر رہے ہیں۔
لاک ڈاؤن کے دوران اداکارہ نمرہ خان کے مداحواں کو اس وقت خوشگوارحیرت ہوئی جب انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے نکاح کی تصویر شئیر کرتے ہوئے مداحوں کو خوش خبری دی کہ وہ نکاح کر چکی ہیں۔ دلچسپ بات یہ تھی ان کے نکاح کی تقریب انتہائی سادہ تھی جس میں نہ تو کوئی مہنگی سجاوٹ کی گئی اور نہ ہی گھر کے علاوہ کسی فرد کو مدعو کیا گیا۔نمرہ خان نے لاک ڈاؤن میں سادہ طریقے سے شادی کرکے لوگوں کو یہ پیغام بھی دے دیا ہے کہ ان حالات میں سادگی سے شادی کر کے بے جا خرچے سے بچا جا سکتا ہےکیونکہ اس دوران شادی کرنے کا فائدہ یہ ہوگا کہ کوئی آپ سے اس بات کا شکوہ نہیں کرے گا کہ آپ نے ان کو شادی پر مدعو کیوں نہیں کیا۔
دوسری طرف لاک ڈاؤن کے دوران فلم سٹار مہوش حیات نے ٹک ٹاک پر ایک لمبے عرصے بعد دوبارہ انڑی دی ہے۔ اپنے بھائی کے ساتھ بنائی گئی ان کی وڈیو کو اب تک 25 لاکھ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔ یوں لگ رہا ہے جیسے مہوش حیات نے لاک ڈاؤن میں خود کو مصروف رکھنے کے لیے ایک نیا کام تلاش کر لیا ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ برس مہوش حیات کو تمغہ امتیاز سے بھی نوازہ گیا تھا۔
دوسری جانب گلوکار ہارون رشید نے لاک ڈاؤن میں اپنے فینز کو تفریح فراہم کرنے کے لیے 10 سال بعد اپنا سولو گانا ریلز کیا ہے۔ اُنھوں نے قرنطینہ میں رہ کر یہ وڈیو گانا ریلز کیا ہے۔ اس گانے کی انوکھی بات یہ ہے کہ اس میں حقیقی دُنیا کے بجائے گرافکس کا استعمال کر کے زندگی کے مختلف پہلوؤں کو دکھایا گیا ہے۔ہارون رشید نے یوٹیوب پر اپنے اِس گانے کی تفصیلات میں لکھا ہے کہ ’میں نے گانے کی ویڈیو کچھ سال قبل بنائی تھی لیکن گانے کو ریلیز نہیں کیا تھا کیونکہ میں دوسرے کاموں میں کافی مصروف تھا۔ گلوکار نے مزید لکھا ہے کہ ‘چونکہ اب سب گھر میں ہیں اور سب کے پاس کرنے کو کچھ نہیں ہے تو میں نے سوچا کہ کیوں نہ یہ گانا ہی ریلیز کر دیا جائے۔’
کیا ہوا اگر آپ میوزک کنسرٹ سننے باہر نہیں جا سکتے۔
گلوکار عاصم اظہر نے اپنے مداحوں کے لیے آن لائن کنسرٹ کا انعقاد کر کے قرنطینہ میں موجود لوگوں کو لطف اندازہ ہونے کا موقع فراہم کیا ہے۔اس کنسرٹ کو اب تک 10 لاکھ سے زیادہ لوگ فیس بک پر دیکھ چکے ہیں۔
ان فنکاروں کے علاوہ دوسرے کئی ستاروں نے بھی اسی طرح کی سرگرمیوں کا گھر پر ہی آغاز کر دیا ہے۔حال ہی میں علی ظفر نے بھی کرونا وائرس پر دلچسپ گانا ریلز کیا تھا جس کو خوب پسند کیا گیا۔ایک اور چیز جو لاک ڈاؤن کے دوران دنیا بھر کے فنکاروں کی جانب سے دیکھنے کو ملی ہے وہ فنکاروں کا اپنے مداحوں کے ساتھ لائیو بات چیت کرنا ہے۔جو فنکار آج سے کچھ وقت عرصہ قبل تک صرف ٹی وی سکرینز یا پھر سوشل میڈیا پر نظر آتے تھے، یا پھر جن سے ان کے مداح بات کرنے کا گمان بھی نہیں کر سکتے تھے۔ اب یہ فنکار خود سوشل میڈیا کا سہارا لے کر اپنے مداحوں کے قریب آ رہے ہیں۔یوں محسوس ہو رہا کہ کرونا وائرس نے عام لوگوں کے ساتھ ساتھ مشہور شخصیات کے طرز زندگیوں کو بھی بدل کر رکھ دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button