لاک ڈاؤن کے باوجود احمد شہزاد کے سیر سپاٹے

قومی کرکٹر احمد شہزاد نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کے شمالی علاقہ جات کا رخ کرلیا ہے۔ ان کو چترال کی ضلعی انتظامیہ نے لواری ٹنل کے مقام سے واپس کردیا ہے۔ وہ اپنی فیملی کے ہمراہ چترال جانا چاہتے تھے۔
کمشنر مالاکنڈ ریاض محسود کے مطابق چترال فی الحال کورونا فری ضلع ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کا رسک نہیں لیا جاسکتا جس کی وجہ سے دوسرے اضلاع کے لوگوں کو وہاں کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
کمشنر نے تصدیق کی کہ احمد شہزاد اور ان کی فیملی کو لواری ٹنل کے مقام سے واپس کردیا گیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق احمد شہزاد نے واپسی پر لواری ہاؤس میں سابق وفاقی وزیر نجم الدین خان کی رہائش گاہ پر کچھ دیر کےلئے قیام کیا اور پھر واپس چلے گئے۔
گزشتہ ہفتے احمد شہزاد سوات کی وادی کالام گئے تھے جس پر مقامی لوگوں نے بھی سوشل میڈیا پر احتجاج کیا۔ مقامی افراد کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے باعث ملک بھر میں لاک ڈاؤن ہے۔ لوگوں کی آمدورفت پر مکمل پابندی ہے۔ اس کے باوجود احمد شہزاد سیر و سیاحت کیلئے نکلے ہیں۔احمد شہزاد نے وادی کالام کی تاریخی مسجد میں نماز بھی پڑھی اور بعد ازاں مقامی لوگوں کے ساتھ سیلفیاں بھی بنائیں۔
