لاہوراسلام آباد اورکراچی کے علاوہ تمام ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن بند

حکومت پاکستان نے کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر ملک کے پانچ ایئر پورٹس غیر ملکی پروازوں کے لئے بند کر دیئے ہیں۔ وزارت صحت نے حکومت پاکستان کو متنبہ کیا تھا کہ کرونا وائرس کے پھیلاو کا سب سے بڑا ذریعہ بیرون ملک سے آنے والے مسافر ہیں لہذا ایسے تمام ایئرپورٹس بند کر دیے جائیں جہاں پرمسافروں کو چیک کرنے کے لیے طبی آلات موجود نہیں ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان میں اب تک جن 28 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے وہ تمام بیرون ملک سے سفر کرکے پاکستان پہنچے تھے۔
پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں پانچ ایئرپورٹس پر بین الاقوامی پروازیں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب طے شدہ غیر ملکی پروازیں صرف کراچی ، لاہور اور اسلام آباد سے آپریٹ ہوں گی ۔ لیکن ان رپورٹس کو صرف بین الاقوامی پروازوں کے لئے بند کیا گیا ہے۔ ملک کے اندر پروازیں متاثر نہیں ہو نگی۔
جو پانچ ایئرپورٹس غیر ملکی پروازوں کے لئے بند کئے گئے ہیں ان میں سیالکوٹ ، ملتان ،فیصل آباد ، کوئٹہ اور پشاور ایئر پورٹ شامل ہیں ۔ ملتان ، فیصل آباد اور سیالکوٹ ایئرپورٹس پر آنے والی غیر ملکی پروزاوں کو لاہور اور اسلام آباد بھیجا جائے گا۔ جبکہ سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ مسافروں کو اسلام ، لاہور اور کراچی سے دیگر شہروں میں پہنچانے کیلئے انتظامات مکمل کئے جا رہے ہیں ۔
پشاور آنے والی بین الاقوامی پروازوں کو اسلام آباد اتارا جائے گا۔ دوسری جانب کوئٹہ آنے والی پروازوں کو کراچی کے ایئرپورٹ پر اتارا جائے گا۔ دبئی اور شارجہ کی پرواز پی اے 611 اورپی اے 613 اسلام آباد اتریں گی، جن کو پشاور میں لینڈ کرنا تھا ۔ ذرائع کا مطابق غیر متوقع لینڈنگز کے باعث اسلام آباد پر غیر معمولی رش دیکھنے کو مل رہا ہے۔
ملتان ایئرپورٹ پر اترنے والی بحرین ، جدہ اور دبئی کی پروازیں لاہور، سیالکوٹ سے دبئی اور مسقط جانے والی پرواز کو اسلام آباد میں شیڈول کر دیا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ کرونا وائرس اب تک دنیا کے 138 ممالک میں پھیل چکے ہیں ۔ جبکہ 5ہزار سے زائد افراد اس خطرناک وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس حوالے سے مشیرِ صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پورے ملک میں تمام سینا گھر اور شادی ہال بند رہیں گے، کسی بھی قسم کا کوئی اجتماع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ لاہور میں ہونے والے تبلیغی اجتماع کے منتظمین کو بھی متنبہ کردیا گیا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے انہیں یہ اجتماع منسوخ کرنا ہوگا۔
اس سے قبل پنجاب میں تمام شادی ہالوں، اجتماعات، سرکاری تقریبات پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ صوبہ پنجاب میں تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے بشمول سکول، کالج، میڈیکل کالج، ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ، یونیورسٹیز، صوبہ بھر میں تمام میرج، بینکوئٹ حال اور مارکی اگلے تین ہفتے کے لئے بند رہیں گے۔ اس سے پہلے سندھ کے تعلیمی اداروں کو 31 مئی تک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔