لاہور:انڈرپاس کی تعمیر کے دوران مٹی کا تودہ گرنے سے مزدور جاں‌ بحق

لاہور میں گلاب دیوی ہسپتال کے قریب زیر تعمیر انڈر پاس میں 2 مزدور کھدائی کے دوران مٹی کے نیچے دب گئے ، حادثے میں ایک مزدور جاں بحق ہوگیا ، دوسرے کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

یہ حادثہ لاہور میں گلاب دیوی ہسپتال کے قریب زیر تعمیر انڈر پاس میں کھدائی کے دوران پیش آیا جس کے نتیجے میں 2 مزدور مٹی کے نیچے دب گئے ، ریسکیو عملے کے تاخیر پر پہنچنے پر موقع پر موجود دیگر مزدورں اور شہریوں نے ایک مزدور کو تشویشناک حالت میں مٹی کے نیچے سے نکال لیا تاہم دوسرے کو جب امدادی ٹیموں نے مٹی کے نیچے سے نکالا تو وہ دم توڑ چکا تھا۔

زخمی ہونے والے مزدور گل میر کو تشویشناک حالت میں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ جاں بحق 18 سالہ مزدور رفیع کی نعش کو مردہ خانہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایک عینی شاہد نے کہا کہ ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت ایک مزدور کو نکالا ، یہ تعمیراتی کمپنی کی غفلت ہے، اس کی غفلت کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا ہے ، انتظامیہ کی طرف سے حفاظتی انتظامات نہ کرنے پر مزدوروں کی ہلاکت کے واقعات پیش آرہے ہیں یہی وجہ ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں میں انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے اب تک 4 مزدور جاں بحق اور ایک زخمی ہو چکا ہے۔

Back to top button